کوڑا اٹھانے کیلئے لاہور کے ہر گھر پر ماہانہ 510 سے 590 روپے ٹیکس کی تجویز
لاہور ( معین اظہر سے ) لاہور کے شہریوں پر ہرماہ تقریبا 510 سے 590 روپے کا نیا ٹیکس عائد کرنے کے لئے کیس وزیراعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لئے بھجوا دیا گیا ہے ۔ ہر گھر سے یہ رقم صفائی سروس چارجز کے طورپر وصول کی جائے گی سڑکوں کی صفائی اور کوڑا اٹھانے کے لئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی یہ ٹیکس وصول کرے گی اس وقت کمپنی کی آمدن تقریبا 20 کروڑ ہے جبکہ اگر کمپنی لاہور شہر کے ہر گھر پر ٹیکس عائد کر دے گی تو اس کو سالانہ 12 ارب روپے اکٹھے ہونگے جبکہ اگلے دو برسوں میں اس ٹیکس کی شرح کو بڑھایا جاسکتا ہے کیونکہ سالانہ کمپنی کے اخراجات 12 ارب روپے ہیں۔ حکومت پنجاب نے لاہور کے شہریوں کو صفائی اور کوڑا اٹھانے کے لئے لاہور شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے شعبہ کو ختم کرکے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نام سے پرائیوٹ سیکٹر سے ایک کمپنی بنائی تھی اور ترکی کی فرم کو ٹھیکہ دیا گیا کہ وہ لاہور شہر کی مین سڑکوں کی صفائی اورکوڑا اٹھائیں گے جس پر دو سال میں تقریبا 24 ارب روپے کا قرضہ حکومت پنجاب نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو دیا ہے اب مزید قرضہ کی بجائے ایک کنسلٹنٹ فرم کی خدمات حاصل کی گئی تھیں جس کو یہ کام دیا گیا تھا کہ وہ شہر میں صفائی کے حوالے سے ایک رپورٹ تیار کرے، اس کنسلٹنٹ فرم نے اپنی رپورٹ میں سب اچھا کی رپورٹ دی ہے اور کہا ہے کہ لوگ بہت زیادہ مطمئن ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری بجھوائی گئی ہے لیکن یہ رپورٹ بھیجی گئی ہے جس میں تجویز دی گئی ہے ہر گھر سے ماہانہ 510 سے 590 روپے صفائی سروس فیس وصول کی جائے تو لاہور شہر میں موجودہ صفائی کے اخراجات پورے ہو سکتے ہیں اس کی منظوری کی صورت میں شہر کے لوگوں پر ایک اضافی نیا ٹیکس عائد کر دیا جائے گا جو سالانہ تقریبا 6 سے 7 ہزار ہو گی ۔ واضح رہے کہ کمپنی میں سینئر مینجر پلاننگ کی تنخواہ تقریبا 2 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی۔ قائم مقام جنرل مینجر ڈائریکٹر کیلئے 25 فیصد اضافی تنخواہ کی منظوری دی گئی تھی۔ بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبران کے لئے ہر میٹنگ میں شرکت کا 15 ہزار مشاہرہ مقرر تھا اس طرح کے اخراجات کئے جارہے ہیں جبکہ عوا م سے صفائی کے لئے پیسے مانگے جارہے ہیں۔