دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے امیر اور غریب میں خلیج کم کرنا ہو گی: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف سے رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز، برطانیہ کے وفد نے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے وفد سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی اور توانائی بحران کا سامنا ہے۔ نوجوانوں کو سماجی و معاشی اقدامات کے ذریعے بااختیار بنانا بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت اور پوری قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ایک صفحے پر ہے۔ پاک افواج، پولیس، سیاستدانوں اور معاشرے کے ہر طبقے نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اپنی جانیں نچھاور کی ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے بغیر ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ یہ جنگ جیتنے کیلئے مخصوص مائنڈ سیٹ کو بھی شکست دینا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنے کیلئے بندوق کی گولی کیساتھ معاشی و سماجی اقدامات، غربت کے خاتمے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور نئی نسل کو بااختیار بنانا ہے کیونکہ دہشت گردی وانتہا پسندی کے ناسور کو تعلیم، صحت اور دیگر سماجی و اقتصادی اقدامات کے ذریعے شکست دی جاسکتی ہے اور اس ضمن میںامیر اور غریب میں خلیج کو کم کرنا بھی ضروری ہے۔ مشترکہ کاوشوں اور اتحاد کی قوت سے پاکستان سے دہشت گردی کے ناسورکا خاتمہ ہوگا اور پاکستان قائد اور اقبال کے خواب کے مطابق ایک پرامن اور تحمل پر مبنی معاشرہ بنے گا۔ ہم نے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہے اور خودانحصاری کی منزل حاصل کرنی ہے اور اس کیلئے وسائل میں اضافہ ضروری ہے۔ ایسے افراد جو کہ ٹیکس ادا کرسکتے ہیں انہیں بھی ٹیکس نیٹ میں لانا ہے۔ ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ جو بھی کرپٹ ہے اس کا سخت احتساب ہونا چاہیے۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز نے شہبازشریف کے عوامی خدمت اور ترقیاتی حکمت عملی کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ پنجاب حکومت نے اس ضمن میں شاندار اقدامات کیے ہیں۔ ایئرفورس کے تعاون سے تربیت یافتہ ٹیوٹا اساتذہ کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل فنی تعلیم کے فروغ سے جڑا ہے - ترقی وخوشحالی کی منزل کی جانب تیزی سے آگے بڑھنے کیلئے نوجوانوں کو فنی تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہو گا ۔ ملک کی ترقی کے لئے ’’میں ‘‘ کی روش ترک کر کے ’’ہم ‘‘ کی روش اپنانے کی ضرورت ہے ۔پاکستا ن کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اورہمیں اس چیلنج کو مواقع میں بدلنا ہے۔ فنی تعلیم کے فروغ سے غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔اگر ہم پاکستان کی تقدیر بدلنے کا عہد کرلیں تو دنیا کی کوئی طاقت راستہ نہیں روک سکتی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے ترکی کے کلچرل انسٹی ٹیوٹ کے نائب صدر سبحان کوبان اوگلو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سی پی این ای کے نو منتخب عہدیداروںکو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔