پن بجلی 1.25 روپے یونٹ مہنگی‘ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3.95 روپے سستی کرنے کی منظوری
اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3روپے 95پیسے کی کمی کردی‘ بجلی کی قیمتوں میں کمی اپریل کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر نیپرا نے سماعت کی۔ جس میں نیپرا نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3روپے 95پیسے کی کمی کردی۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی اپریل کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے علاوہ ملک بھر کی تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا جبکہ تین سو سے کم ماہانہ یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بھی اطلاق نہیں ہوگا۔ صارفین کو بجلی کی قیمت میں جون کے بلوں میں ریلیف دیا جائے گا۔دوسری جانب نیپرا نے پن بجلی 1.25 روپے یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دیدی۔ حکومت نے واپڈا کو پن بجلی مہنگی کرنے کیلئے نیپرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی بجلی مہنگی ہونے سے عوام پر 40 ارپ روپے کا بوجھ پڑے گا۔