حکمرانوں کو کرپشن فری قطرے پلانے کی ضرورت ہے‘ سب کا احتساب چاہتے ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگاران) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے، حکمرانوں کا یوم حساب قریب ہے، اب یہ اقتدار کے ایوانوں میں نہیں جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے نظر آئیں گے، وی آئی پی کلاس نے تمام اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے، امیروں اور غریبوں کا علیحدہ علیحدہ پاکستان ہے۔ امیروں کے پاکستان میں ان کا اپنا قانون ہے جبکہ غریبوں کے پاکستان میں تعلیم صحت روزگار کی سہولتیں ہیں نہ کسی کو انصاف ملتا ہے۔ کرپٹ اشرافیہ نے مزدوروں اور کسانوں بلکہ اقلیتوں کے حقوق بھی دبا رکھے ہیں۔ پانامہ لیکس نے حکمرانوں سمیت سب کے چہروں سے نقاب الٹ دیئے ہیں۔ مشترکہ ٹی او آرز کمیٹی جلد اپنا کام مکمل کرے، بلاوجہ تعطل اور تاخیر ی حربے نہیں چلنے دیں گے۔ حمود الرحمن اور ایبٹ آباد جیسا بے اختیار کمشن قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کے دوسرے روز لاہور سے روہڑی کیلئے روانگی سے قبل سٹیشن پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امرا اسداللہ بھٹو، میاں اسلم، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم اور سابق امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر،حافظ سلمان بٹ اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب بلال قدرت بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمارے ٹرین مارچ اور کرپشن فری تحریک کا مقصد ایسے پاکستان کی تعمیر ہے جس میں امیر اور غریب کیلئے تعلیم، صحت اورروز گارکے یکساں مواقع ہوں اور قانون سب کیلئے برابر ہو۔69سال سے پاکستان پر قابض وڈیروں، جاگیر داروں اور سرمایہ داروں نے تمام اداروں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ خود کو آسمانی مخلوق سمجھنے والوں نے اپنے لئے عیش و عشرت کا سامان اکٹھا کیا جبکہ عوام کے منہ سے کھانے کا آخری نوالا بھی چھین لیا۔ کرپشن اور کرپٹ عناصر نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا پاکستان میں وسائل کی کمی نہیں ہے لیکن وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان سے پیسہ لوٹ کر پانامہ، لندن، دبئی اور سوئس بنکوں میں منتقل کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے، ان کے خلاف لندن تک جانا پڑا تو ضرور جائیں گے لیکن انہیں قوم کا پیسہ ہڑپ نہیں کرنے دیںگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں وڈیرہ شاہی، کرپٹ لوگوں، جواریوں، صنعت کاروں اور امریکی ٹولے کی بادشاہت ہے ان کو ملک سے بھگانے کیلئے کراچی ،پشاور، اسلام آباد، لاہور، لندن جانا پڑا ضرور جائوں گا۔ ان کی وجہ سے ہر ادارہ مفلوج ہوگیا ہے۔ مہنگائی نے غریب عوام کو بھوکا مرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا۔ پاکستان میں غریب آدمی کرپٹ نہیں ہے بلکہ اقتدار اور اختیارات رکھنے والے کرپٹ ہیں۔ جماعت اسلامی میدان میں نکل چکی ہے اب کرپٹ لوگوں کو کوئی بچا نہیں سکے گا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق ٹرین مارچ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر امیر جماعت سراج الحق نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں کو کرپشن فری قطرے پلانے کی ضرورت ہے پولیو کی طرح پاکستان اب مزید کرپشن کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ کوٹ رادھاکشن سے نامہ نگار کے مطابق ٹرین مارچ کے استقبال کے لیے آنے والے کارکنوں سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ ہم نے تہیہ کرلیا ہے کرپشن کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔ بہاولپورسے نامہ نگار کے مطابق سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک پر کرپٹ اشرافیہ حکمران ہے۔ چیچہ وطنی سے نامہ نگار کے مطابق سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کے مرتکب حکمرانوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں۔ بعدازاں کرپشن کے خلاف مارچ روہڑی پہنچ گیا جہاں قیام کے بعد کل مارچ کراچی جائے گا۔ راستے میں آنے والے تمام سٹیشنوں پر مارچ کا استقبال کیا گیا اور پھول نچاور کئے گئے۔