• news

پشاور، قصور میں 206 مشتبہ افراد گرفتار ڈی آئی خان، بس اڈے کو اڑانے کی کوشش

پشاور + کراچی + ڈیرہ اسماعیل خان + بھکر (نیوز ایجنسیاں + نامہ نگار) پشاور اور قصور میں گزشتہ روز سرچ آپریشن کے دوران 206 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈی آئی خان بڑی تباہی سے بچ گیا اور پولیس نے بس اڈے کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی اور وہاں نصب بارودی مواد کو برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس اور سکیورٹی فورسز نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 200کے قریب مشتبہ افرادکو حراست میں لے لیا جن میں افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ مشتبہ افراد کے قبضہ سے دو دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں موجود بنوں بس اڈا پر دہشت گردوں نے بارودی مواد نصب کر کے تخریب کاری کرنے کی کوشش کی، اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل یونٹ نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق بس اڈے پر ڈھائی کلو بارودی مواد نصب تھا۔ ادھر محکمہ انسداد دہشت گردی نے مینگورہ سے دہشت گرد کلیم اللہ کو گرفتار کر لیا۔ ادھر سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر مینگورہ میں جنرل بس سٹینڈ پر کارروائی کی جس دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کلیم اللہ کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ چشتیاں سے نامہ نگار کے مطابق سی ٹی ڈی نے دربار کالے شاہ کے قریب کارروائی کرکے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ بی ڈویژن پولیس نے گزشتہ روز دو علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ۔ سرچ آپریشن کے دوران 22 مشکوک افراد سے انٹیروگیشن کی گئی ،6افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔ پشاور سے بیورورپورٹ کے مطابق فقیر آباد سرکل پولیس نے قاضی کلے سے افغان دہشت گرد کو دستی بموں اور9ایم ایم پستول سمیت گرفتار کرلیا ہے جبکہ سرچ آپریشن کے دوران متعدد اشتہاری اور مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن