• news

چیک بائونس ہونے کا مقدمہ، ایڈیشنل آئی جی نے پیسے نہ دیئے تو مقدمہ درج کرنے کا حکم دینگے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل آئی جی خادم حسین بھٹی کے خلاف چیک بائونس ہونے کا مقدمہ درج کرنے کے لئے دائر درخواست پر ایڈیشنل آئی جی کو پٹیشنر کے ساتھ طے پائی گئی رقم ادائیگی کا آخری موقع دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے ہیں کہ اگر آئندہ سماعت سے قبل پیسوں کی ادائیگی کا وعدہ پورا نہ کیا گیا تو ایڈیشنل آئی جی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا جائے گا۔ درخواست گزار رانا نثار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایڈیشنل آئی جی خادم حسین بھٹی نے اپنے بیٹے کو بیرون ملک تعلیم دلانے کے لئے ان سے پینتیس لاکھ روپے کا قرض حاصل کیا۔ ایڈیشنل آئی جی نے قرض کی رقم واپس کرنے کی بجائے چیک دے دئیے جو کہ بائونس ہو گئے۔ شہری سے فراڈ کرنے پر ایڈیشنل آئی جی خادم حسین بھٹی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ ابھی تک مقدمہ درج کرنے کا حکم اس لئے نہیں دیاتاکہ ایڈیشنل آئی جی کی میڈیا پر بدنامی نہ ہو۔ آئندہ سماعت سے قبل پیسوں کی ادائیگی کا وعدہ پورا نہ کیا گیا تو ایڈیشنل آئی جی سندھ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن