پاکستان اور مالدیپ نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے: صدر ممنون
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + این این آئی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ مالدیپ کے تمام شعبوں میں پاکستان کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ وہ گزشتہ روز مالدیپ کے وزیر دفاع آدم عمر شریف سے تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ مالدیپ کے وزیر دفاع نے ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صدر ممنون نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان اور مالدیپ نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ صدر نے پاکستان اور مالدیپ کے دفاعی شعبہ میں تعاون کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ پاکستان نے دفاعی شعبہ میں پیداوار میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مالدیپ کے وزیر دفاع نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پاکستان کی حمایت پر صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مالدیپ کی غیر مشروط مدد کی ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ وہ پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ معیاری وفاقی مصنوعات سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کا ملک پاکستان کی مہارت اور تجربہ سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔دریں اثناء صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ملک کا اچھا شہری بنانے اور ان کی کردار سازی کے لئے بوائز سکاؤٹس کا اہم کردار ہے۔ صدر نے یہ بات بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن کی چیف کمشنر راحیلہ حمید خان کی طرف سے دی گئی پریزینٹیشن کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔علاوہ ازیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان مالدیپ کیساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مالدیپ کے وزیر دفاع آدم شریف عمر نے فتر خارجہ میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔بات چیت کے دوران سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کیساتھ تعلقات کوانتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات باہمی عزت و احترام پر استوار ہیں۔مشیرخارجہ نے اس توقع کا اظہار کیاکہ جولائی 2016 میں مالدیپ کے قومی دن کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کے دورے سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔