پی آئی سی میں 90 مریضوں کی ہلاکت ہائیکورٹ زیر سماعت درخواستیں ایک سال میں نمٹا دے: عدالت عظمیٰ
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے پنجاب انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں داخل دل کے مریضوں کی 90 سے زائد ہلاکتوں کے حوالہ سے از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران اس حوالہ سے لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت درخواستیں ایک سال کے اندر اندر نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔ مزید سماعت موسم گرما کی تعطیلات کے بعد ہوگی اور عدالت ہلاکتوں کے حوالے سے کارروائی جاری رکھے گی، عدالت نے سینیئر وکیل حامد خان کو عدالتی معاون مقررکر دیا ہے۔ حامد خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس حوالے سے 17پٹیشنز ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہیں جس پر عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کو ہدایت کی کہ وہ اس حوالے سے ماہ جون میں ایک خصوصی بنچ تشکیل دیں جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرکے ان مقدمات کو ایک سال کے اندر اندر نمٹادے۔