حکومت ملک کی خود مختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی: عابد شیر علی
ملتان (آن لائن) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہماری حکومت نے پاکستان کی خود مختاری، سالمیت کیخلاف ہونے والی کارروائی کا بھرپور جواب دیا ہے یہ کریڈٹ پاکستان کی موجودہ حکومت کو جاتا ہے کہ وزیر داخلہ نے پاکستان میں امریکی ڈرون حملے کی واشگاف الفاظ میں بھرپور مذمت کی ہے اور آرمی چیف نے بھی اس حوالے سے کھلا بیان دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز میپکو ہیڈکوارٹر ملتان میں میڈیا کے تلخ سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی اور یہ شور مچارہے ہیں یہ صرف اپنا آپ بچانا چاہتے ہیں ہماری سول اور آرمڈ فورسز ایک پیج پر ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف طبی معائنے کیلئے لندن گئے ہیں جلد واپس آجائینگے انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان اور ان کی بہنوں کی آف شور کمپنیاں ہیں چور ہی شور مچارہے ہیں ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ا حتساب کے حق میں ہے مگر احتساب سب کا ہونا چاہیے صرف ہماری حکومت کا نہیں ۔ عابد شیر علی کا مزید کہنا تھا کہ ہم رمضان میں انڈسٹری کو آٹھ سے دس گھنٹے بجلی فراہم کرینگے اور اس کا متبادل ہم نے انہیں گیس فراہم کردی ہے رمضان میں پاکستان بھر میں 90فیصد عوام کو لوڈ شیڈنگ سے بچایا جائے گا۔