ڈرون حملے‘ امریکی دھمکیوں کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملی یکجہتی کونسل، جماعۃ الدعوۃ اور جماعت اہلحدیث کی اپیل پر ڈرون حملے اور امریکی دھمکیوں کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ لاہور، گوجرانوالہ، اسلام آباد، پشاور، ملتان، کراچی، حیدرآباد، میر پور خاص اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور ڈرون حملوںکے خلاف اپنے شدید جذبات کا اظہار کیا۔ شرکاء کی جانب سے امریکہ ، بھارت اور نیٹو فورسز کے خلاف سخت نعرے بازی کی جاتی رہی۔ خطبات جمعہ میں امریکی ڈرون حملوں اور بھارتی دہشت گردی کو موضوع بنایاگیا اور مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام امریکی ڈرون حملوں کیخلاف ملک یوم مذمت امریکہ منایا گیا اور جمعہ کے روز اجتماعات میں ڈرون حملے کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں۔ جماعۃ الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید، مولانا سمیع الحق، حافظ عبدالرحمن مکی، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیاء اللہ بخاری، مولانا امیر حمزہ و دیگر نے کہا ہے کہ امریکی صدر اوباما کی پاکستان میں ڈرون حملوں کی دھمکی واضح پیغام ہے کہ امریکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو ٹارگٹ کرنا چاہتا ہے۔ ڈرون حملوں پر وزارت خارجہ کا رسمی احتجاج کافی نہیں۔ امریکی دھمکی پاکستان کے خلاف امریکہ کا اعلان جنگ ہے۔ حکومت کو سختی سے نوٹس لینا چاہئے۔ جماعۃ الدعوۃ کی طرف سے صوبائی دارالحکومت لاہور میںچوبرجی چوک میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں طلبائ، وکلائ، تاجروں اورسول سوسائٹی سمیت تمامتر مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میںپلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پرڈرون حملوں اور امریکہ و نیٹو مخالف تحریریں درج تھیں۔ احتجاجی مظاہرہ سے قاری یعقوب شیخ، مولانا سیف اللہ خالد، جمیل احمد فیضی، ابوالہاشم ربانی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کہ ڈرون حملے روکنے کیلئے پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہو جائے۔ نوجوانوں پر شہری دفاع کی تربیت لازمی قرار دی جائے تاکہ وہ وطن عزیز پاکستان کی سالمیت و تحفظ کیلئے کردار ادا کرسکیں۔ امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے خادم علی روڈ سیالکوٹ میں مقامی کالج کی گرائونڈ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ پاکستان کو اپنی کالونی بنانا چاہتا تھا لیکن ایسا نہ ہو سکا جس کی وجہ سے امریکی دشمنی انتہا کو پہنچی ہوئی ہے۔ وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو نشانہ اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو ناکام بنانا چاہتا ہے۔پرسوں 30مئی کو اسلام آباد ہونے والی سربراہی اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ امریکی دھمکی اعلان جنگ ہے۔ امریکی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اوباما کی دھمکیوں سے امریکہ کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ ایران برادر اسلامی ملک ہے۔ اسے انڈیا کے ساتھ معاہدوں سے قبل پاکستان انڈیا دشمنی کو بھی دیکھنا چاہئے تھا۔ چاہ بہار معاہدہ گوادر کو ناکام بنانے کے لئے کیا گیایہ درست نہیں ۔ حکومت و اپوزیشن میں شامل جماعتیں اتحاد کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنائیں۔ جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے گفتگو اور اکوڑہ خٹک میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی ایجنسیاں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں ملوث ہیں۔ بلوچستان میں ڈرون حملے کا جارحانہ اقدام پاکستان کی سلامتی و خودمختاری کیلئے کھلا چیلنج ہے۔ دفاع کے مسئلہ پرسب کو ایک موقف اختیار کرنا چاہیے۔ امریکی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہئے۔ وطن عزیز میں امن و امان کیلئے ڈرون حملے روکنا ضروری ہیں۔ علاوہ ازیں جماعۃالدعوۃ کی طرف سے مرکز قباآئی ایٹ مرکز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں زندگی کے تمام شعبہ جات اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کراچی میں خالد بن ولید روڈ سی سی ایس ایچ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔گوجرانوالہ میں ٹینکی والی گرائونڈ صغیر شہید پارک نوشہرہ روڈ پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، رحیم یار خان، بہاولپور، چیچہ وطنی، ملتان، حیدر آباد ، میر پور خاص، پشاور، کوئٹہ اور ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق حافظ محمد سعید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جب ضرورت پڑے ڈرون حملہ کرنے کے امریکی صدر اوباما کے بیان کے بعد امریکی پاکستان اورا سلام دشمن پالیسی کھل کر سامنے آگئی ہے اس لئے پاکستان سے امریکی سفیر کو فوری طور پر ملک سے نکال دیا جائے۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے سیالکوٹ کے نوجوان ابوشداخ مجاہد احمد کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی۔ علاوہ ازیں جماعت اہلحدیث کے زیر اہتمام امریکی ڈرون حملوں اور امریکی صدر اوباما کی پاکستان پر حملوں کی دھمکیوں کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا ۔ اس سلسلہ میں لاہور میں جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت جماعت اہلحدیث پنجاب کے امیر حافظ عبدالوحید شاہد روپڑی نے کی۔اس موقع پر شرکا ء نے امریکی صدر بارک اوباما کی تصویر اور امریکی جھنڈا بھی جلایا۔ مظاہرہ سے حافظ عبدالوحید شاہد و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر امریکی ڈرون حملے کھلی دہشت گردی اور اعلان جنگ ہے۔پاکستان اس ننگی جارحیت پر سخت سے سخت اقدام اٹھائے۔ علاوہ ازیں سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام نماز جمعہ کے بعد لاہور ، کراچی ، فیصل آباد، گوجرانوالہ ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں امریکہ مخالف احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے ۔ اس موقع پر چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کمزوری کی وجہ سے امریکہ کو ڈرون حملہ کرنے کی جرأت ہو ئی ہے۔جنرل راحیل شریف نے ڈرون حملے پر سخت ردّ عمل ظاہر کرکے قوم کی ترجمانی کا حق ادا کیا ہے۔ڈرون حملہ ہماری قومی غیرت کیلئے چیلنج ہے۔ اقوام متحدہ بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کا نوٹس لے۔ مفتی محمد حسیب قادری نے المرکز الاسلامی شاد باغ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ڈرون حملوں کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے۔