لاہور: کوٹ لکھپت میں لاپتہ 2 بچوں کی نعشیں ریس کلب کے تالاب سے برآمد
لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر)کوٹ لکھپت کے علاقہ میں جمعرات کے روز لاپتہ ہونے دونوں کمسن بچوں کی نعشیں گزشہ روز ریس کلب سے گھوڑے نہلانے والے تالاب میں سے مل گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقہ میں گھڑ دوڑ کے ریس کورس کلب سے ملحقہ آبادی گوندل چوک کے رہائشی محمد حسین کا 7 سالہ بیٹا عبدالرحمان اور ان کے ہمسائے اشفاق کا بیٹا 8 سالہ شفاقت جمعرات کی دوپہر 3 بجے کے قریب گھر سے نکلے مگر وہ دونوں رات گئے تک گھر نہ پہنچے جس پر عبدالرحمان کے والد محمد حسین اور شفاقت کے والد اشفاق کی جانب سے پولیس کو ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی مگر دونوں بچوں کے بارے میں کچھ علم نہ ہو سکا۔ گزشتہ روز کوٹ لکھپت کے علاقے میں واقع ریس کلب میں گھوڑوں کو نہلانے والے تالاب میں دونوں بچوں کی تیرتی ہوئی نعشیں دیکھ کر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع کی جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ بچوں شفاقت اور عبدالرحمان کے ورثاء نے ان کی شناخت کر لی۔ پولیس کے مطابق شبہ ہے کہ تالاب میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔ بچوں کے والدین کی جانب سے کسی کارروائی اور پوسٹ مارٹم سے انکار پر پولیس نے واقعہ کو اتفاقی حادثہ قرار دے کر نعشیں ان کے حوالے کر دی ہیں۔ نعشیں گھروں میں پہنچتے ہی کہرام مچ گیا‘ ماؤں پر غشی کے دورے پڑنے لگے جبکہ علاقہ میں سوگواری کی فضا چھا گئی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے تالاب میں ڈوب کر دو بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔