گڑھ مہاراجہ: اراضی کے تنازعہ پر2 گروپوں میں تصادم،3 افراد جاں بحق،16 زخمی
گڑھ مہاراجہ + جھنگ+ اٹھارہ ہزاری+ لاہور (نامہ نگاران) سات مربع اراضی کے تنازعہ پر دو گروپوں میں مسلح تصادم، فائرنگ کے نتیجہ میں تین افراد جاں بحق‘16 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دربار سلطان باہو کے قریب اراضی کے تنازع پر صاحبزادہ نجیب سلطان اور صاحبزادہ حبیب سلطان کے گروپوں میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجہ میں ایک شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ 2 افراد تحصیل ہسپتال شور کوٹ پہنچ کر دم توڑ گئے جبکہ16 افراد زخمی ہو گئے۔ دونوں گروپوں میں عرصہ 15سال سے اراضی پر تنازعہ چل رہا تھا۔ تقریباً سات مربع رقبہ پر نجیب سلطان نے قبضہ کر رکھا تھا جبکہ حبیب سلطان نے اس قبضہ کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کر رکھی تھی۔ عدالت نے حبیب سلطان کے حق میں فیصلہ دیا اور عدالت کے حکم پر پولیس نے قبضہ چھڑوا کر حبیب سلطان کو دیا جس پر گذشتہ چند دنوں سے کشیدگی چل رہی تھی۔گزشتہ روز نجیب سلطان نے ملک بھر سے مریدین کو بلاکر قبضہ واپس لینے گئے‘ دھاوا بول دیا اوراراضی پر سے حبیب سلطان کا قبضہ چھیننے کی کوشش کی جس پر دونوں اطراف سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا‘ گولیاں لگنے سے مقبول حسین شاہ‘ محمد اقبال اور حاجی لیاقت دم توڑ گئے جبکہ زخمی عبدالرزاق، لیاقت، عبدالرحمان، عابد حسین، قیصر، مبشر، عمران علی، عبدالحفیظ‘ قاسم اور منظور حسین کو گڑھ مہاراجہ ہسپتال میںجبکہ منیر، شبیر، صداقت، امتیاز احمد کوالائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیاگیا۔ شدید فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا‘ مارکیٹیں بند کر دی گئیں۔ اس موقع پر مشتعل افراد نے دکانوں میں توڑپھوڑ کی اور متعدد دکانوں کو آگ لگا دی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او جھنگ ہمایوں سعید بھاری نفری کیساتھ موقع پر پہنچ گئے اور حالات کو کنٹرول کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ سے نجیب سلطان گروپ کے 3افراد جاں بحق ہوئے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے واقعہ کا نوٹس لے کر ڈی پی او جھنگ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔