مالی معاملات طے نہ ہوسکے، پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کے معاہدے کی مدت ختم
اسلام آباد (آن لائن) مالی معاملات طے نہ ہونے کے باعث پاکستان امریکہ سے آٹھ ایف 16 طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر عملدرآمد میں ناکام ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی حکومت کو رواں ماہ 24 مئی تک طیاروں کی خریداری کے لیے قبولیت کا خط فراہم کرنا تھا، تاہم سفارتی ذرائع نے انکشاف کیا مذکورہ دستاویز پیشکش کے خاتمے تک جاری نہیں کی گئی۔ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فیصلہ کیا تھا کہ اس سلسلے میں تمام رقم قومی فنڈز سے نہیں لی جائے گی، لہٰذا طیاروں کی فروخت کی شرائط کی مدت اب ختم ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز میں امریکہ کی حکومت نے کانگریس کو آگاہ کیا تھا کہ 8 ایف سولہ طیارے پاکستان کو فراہم کرنے کا منصوبہ ترتیب دے دیا گیا ہے، پاکستان نے ایف 16 طیارے حاصل کرنے کے لیے 70کروڑ ڈالر ادا کرنے تھے جن میں سے امریکہ نے 43 کروڑ ڈالر کی امداد شامل کرنی تھی۔ اس طرح اسلام آباد کے ذمہ واجب الادا رقم 27 کروڑ ڈالر تھی تاہم کانگریس نے پاکستان کو ایف 16 دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ اسلام آباد نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف موثر کارروائیاں نہیں کیں جبکہ پاکستانی کے جوہری پروگرام خاص کر ٹیکٹیکل ہتھیاروں اور شاہین 3 میزائل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔بعدازاں پاکستان سے کہا گیا کہ وہ ان طیاروں کی مکمل رقم خود اپنے وسائل سے ادا کرے، جسے پاکستانی حکام نے تسلیم نہیں کیا اور کہا کہ انھیں یہ پیشکش پیشگی شرائط کے ساتھ قبول نہیں ہے۔