کراچی مقابلے میں 2 دہشت گرد ہلاک، بھارت سے تربیت لی، متحدہ کارکنوں کا اعتراف
کراچی (ایجنسیاں) رینجرز کے ہاتھوں گرفتار را کے دو مبینہ ایجنٹس کی جے آئی ٹی میں تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔ فہیم عرف مرچی اور ناصر عرف کچھی کا تعلق ایم کیوایم سے ہے،رینجرز نے گرفتار کیا تھا۔ 1994میں طاہر عرف لمبا، شفیع عرف دھوبی اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ بھارت گئے اور انھوں نے بھارت میں 5ماہ کی تربیت حاصل کرکے واپس آئے۔ ہیڈکوارٹرز، نیول ہیڈکوارٹرز اور کینٹ اسٹیشن کے نقشے بنانے کا حکم ملانقشے بناکر نائن زیرو پر جاوید لنگڑا کے بھائی کو دیئے۔نائن زیرو پر ایک میٹنگ میں لندن قیادت کی ہدایت پر سرکاری تنصیبات اور افسروں پر حملے کا حکم ملا اور میٹنگ میں حیدر عباس رضوی، فاروق ستار، بابر غوری، انیس قائم خانی اور وسیم اختر شریک ہوئے تھے۔بھارت میں ٹریننگ کے دوران قائدایم کیوایم، ندیم نصرت اور محمد انور نے کئی بار لیکچر دیا، ملزمان کے مطابق لیکچر میں بتایا گیاکہ کراچی صوبہ بنانے کیلئے یہ تربیت بہت ضروری ہے۔ علاوہ ازیں سچل گوٹھ میں پولیس نے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ ادھر گرفتار مبینہ دہشت گرد منیر احمد عرف مفتی صاحب سے تفتیش میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے۔ رپورٹ کے مطابق منیر احمد کالعدم تحریک طالبان کراچی کے امیر خان زمان خان کا قریبی ساتھی اور دوست ہے ۔ کراچی کے امیر کے ساتھ وزیرستان میں تربیت حاصل کی۔ وزیرستان میں کمانڈر حکیم اللہ مسعود اور خان زمان مسعود کے ساتھ مل کر فورسز پر حملوں میں ملوث رہا۔ گرفتار دہشت گرد نے تفتیش میں لشکر جھنگوی اور تحریک طالبان سوات گروپ کے لوگوں سے بھی رابطوں کا اعتراف کیا۔ ملزم نے بتایا کہ اسکے 18 اہم ساتھی حساس اداروں، رینجرز اور پولیس سے مقابلوں میں مارے جا چکے ہیں۔علاوہ ازیں کراچی علاقے منگھو پیر میں سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلہ میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔