21 برس ’’را‘‘ کا ایجنٹ رہنے والے کو کیسے گلے لگا سکتا ہوں: مصطفی کمال
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پاکستان سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ناراض لوگوں سے بات چیت کی جائے اور جن لوگوں کے خلاف مقدمہ درج ہے وہ کھلی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے۔ 21 سال جو شخص (را) ایجنٹ رہا ہواسکو میں کیسے گلے لگا سکتا ہوں۔ میں بلوچستان کے عوام سے ووٹ مانگنے نہیں آیا ہوں بلکہ انکے ساتھ ملکر صوبے کی ترقی خوشحالی کیلئے کام کرنے آیا ہوں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کے موقع پر پاکستان سرزمین پارٹی کے صوبائی صدر عطاء اللہ کرد اور پارٹی کے مرکزی و صوبائی قیادت بھی موجود تھی۔ مصطفی کمال نے کہاکہ ہماری پارٹی نے پورے ملک کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کراچی میں آپریشن کے بعد صورتحال بہتر ہوگئی ہے، بعض عناصر وہاں پر حالات خراب کرنے کی جو کوششیں کر رہی ہے و ہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ہماری پارٹی ہر محب وطن پارٹی کے ساتھ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ بلدیہ ٹاؤن کے واقعے کے بارے میں میرے پاس بہت کچھ ہے وقت آنے پر بتایا جائیگاکہ اس میں کون ملوث تھے۔ انہوںنے کہاکہ حالات بہتر ہورہے ہیں، انشاء اللہ امید ہے کہ بلوچستان میں بھی حالات بہتر ہونگے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم کے تقریباً تمام ارکان اسمبلی ہماری پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں، انکے پاس کوئی بھی ممبر نہیں رہا۔ انجمن تاجران کے استقبالیہ میں مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کراچی میں بلوچستان کے تاجروں سمیت ہزاروں کی تعداد میں مختلف زبانوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو قتل کیا گیا ہے ہم عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے بلوچستان آئے ہیں۔ ہمارا اور آپ کا دشمن ایک ہی ہے بھارت پیسے لیکر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے ہم ملکر ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں گے۔ آسائشیں چھوڑ کر فرعونوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے۔
مصطفی کمال