• news

امریکہ نے ڈرون حملہ کر کے ہماری خودمختاری کو چیلنج کیا: رانا تنویر

شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی ) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوا ر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ڈرون کو گرانے کی صلاحیت موجود ہے امریکہ نے بلوچستان میں ڈرون حملہ کرکے ہماری خود مختاری اور سلامتی کو چیلنج کیا ہے اس حملے سے خطے میں مفاہمتی عمل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان دفاعی پیداوار کے لحاظ سے خود کفیل ہوچکا ہے امریکہ کے F-16طیارے نہ دینے سے ہماری فضائی صلاحیتوں میں کمی نہیں آئی پاکستان کو اب امریکہ پر دفاعی انحصار کم کرنا ہوگا اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے دیگر منڈیا ں تلاش کرنا ہوں گی پاکستان غلام ملک نہیں ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہمسایہ ممالک ہماری پرامن پالیسی کو کمزوری نہ سمجھیں وگرنہ ہم اپنے دفاع کے لیے بڑے سے بڑا اقدام اٹھانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ جارجیت کرنے والے ملک کو بھرپور منہ توڑ جواب دیں گے۔ اس امر کا اظہار رانا تنویر حسین نے یوم تکبیر کے موقع پر فیروز والا بار ایسوسی ایشن کی جانب سے نیے عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پناب میاں رفیق رجوانہ تھے۔ اس موقع پر رانا افضال حسین ایم این اے، پیر اشرف رسول شاہ ایم پی اے، نومنتب صدر بار قربان اللہ بھٹی جنرل سیکرٹری بار سید اظہار علی زیدی و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے جن سے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے حلف لیا۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر فیروز والا بار کے لیے 50 لاکھ کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا اور نومنتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا۔

ای پیپر-دی نیشن