لاہور اور رائیونڈ کے چوہے ملک کو 40 سال سے کھوکھلا کر رہے ہیں: ترجمان تحریک انصاف
اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے+نوائے وقت رپورٹ) ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے خواجہ سعد رفیق کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ تنقید کرنا وزیر ریلوے کی عادت بن چکی ہے۔ سعد رفیق نے جو کہا انہیں زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا لاہور اور رائیونڈ کے چوہے ملک کو 40 سال سے کھوکھلا کر رہے ہیں۔ نعیم الحق نے کہا چاہتے ہیں کہ ٹی او آر کمیٹی میں معاملات کو اتفاق رائے سے آگے بڑھایا جائے لیکن وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق آگ پر تیل چھڑکنے والی باتیں کررہے ہیں۔ سعد رفیق پانامہ لیکس کے معاملے سے خوفزدہ ہیں،ان کی کارکردگی خود عوام کے سامنے آ گئی ہے، خواجہ سعد رفیق کو اپنی زبان شائستہ رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں اسلئے انہیں کچھ نہیں کہوں گا، اپنے ساتھیوں کے ہوتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کو دشمنوں کی ضرورت نہیں ہے۔ آن لائن کے مطابق نعیم الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی او آرز پر گفت و شنید جاری ہے ہمارے 15سوالوں کے علاوہ کوئی اور سوال ہوں تو ہمیں اعتراض نہیں ہے۔ وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں ، پانامہ لیکس کے آنے کے بعد ملک سنگین حالات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم دعاگو ہیں کہ تمام معاملات اتفاق رائے سے حل ہوجائیں بجٹ آنیوالا ہے اور حکومت گزشتہ سال کے مالی اہداف پورے نہیں کرسکی ہے۔ حکومت بجٹ میں غریبوں کو ریلیف فراہم کرے۔ تحریک انصاف نے ملکی تاریخ میں سب سے بڑے جلسے کئے ہیں اور لوگ جوق در جوق پی ٹی آئی کے جلسوں میں شرکت کررہے ہیں۔ اس سے پہلے ہمارے جلسوں میں کوئی شکایت نہیں آئی، ہماری مکمل تیاری کے باوجود اسلام آباد کے جلسے میں بدنظمی ہوئی جلسے میں خواتین سے جو سلوک ہوا اس نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا، تحقیقاتی کمیٹی نے اپنا کام مکمل کرکے عمران خان کو رپورٹ بھی پیش کردی ہے جن لوگوں نے خواتین کو پریشان کیا ان کا تعلق ہماری جماعت سے نہیں ہے، ہمارے کنٹریکٹر نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہمارا ان سے معاہدہ تھا کہ خواتین انکلوژر کے ساتھ سٹیل کی چادریں لگائی جائیںگی۔ کنٹریکٹر نے صرف خاردار تاریں لگائیں۔ انہوں نے اسلام آباد اور لاہور کے جلسوں میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کے ذمہ دار’’ نامعلوم‘‘ افراد کو قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو کلین چٹ دیدی اور مسلم لیگ (ن) یا کسی اور سیاسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ ہمارے مخالفین بھی جلسے خراب کرنے کیلئے اس طرح کے واقعات میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ایسے موقع پر جب وزیراعظم ملک میں موجود نہیں اور اپوزیشن حکومت کے مذاکرات چل رہے ہیں سعد رفیق کو اشتعال انگیز بیانات نہیں دینے چاہیں،اللہ ان کی بصیرت کو روشن کردے کہ وہ تصور کہ تمام رخ دیکھ سکیں،سعدرفیق ان چوہوں کی بھی بات کریں جنہوں نے ملک کو لوٹا اور انکا تعلق پنجاب سے ہے۔
نعیم الحق