• news

کرپشن کیخلاف تحریک جاری رہے گی‘ کل آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے: سراج الحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ٹرین مارچ میں بھرپور شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین مارچ پشاور سے کراچی پہنچ گیا مگر کرپشن کے خلاف ہماری تحریک ابھی ختم نہیں ہوئی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ایک لٹیرے کو پکڑ کر اس سے لوٹی دولت واپس نہیں لی جاتی اور اسے اقتدار کے ایوانوں سے جیلوں میں منتقل نہیں کیا جاتا۔ 69 سال سے اقتدار پر قابض اشرافیہ نے اپنی حکمرانی قائم رکھنے کیلئے قوم کو امیر اور غریب میں تقسیم کیا۔ ایک امیروں کا پاکستان ہے جہاں عیش و عشرت ہے جبکہ دوسرا غریبوں کا پاکستان ہے جس میں غربت، جہالت، مہنگائی، بے روز گاری، لوڈشیڈنگ اور بدامنی منہ کھولے پھر رہی ہے۔ سٹیٹس کوکی مخالف تمام جماعتوں کے کارکنوں سے اپیل ہے کہ وہ متحد ہوکر کرپشن کے خلاف اعلان جہاد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپر دیر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم کو کرپشن اور بدیانتی کے خلاف اتحاد بنا نا ہوگا تاکہ اقتدار پر قابض چوروں اورلٹیروں کا بلاامتیاز احتساب ہو اور معاشرے میں پھیلی بددیانتی کا قلع قمع کیا جاسکے۔ اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی میں کرپشن کے بڑے بڑے کنگ بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و دینی جماعتوں کو اپنے اندر موجود کالی بھیڑوں کو نکال کر دیانتدار اور ملک و قوم کے مفاد کو ہر چیز پر ترجیح دینے والی قیادت کو سامنے لانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت اور اپوزیشن کی ٹی او آرز کمیٹی سے با ر بار کہہ رہے ہیں کہ جلد از جلد متفقہ ٹی او آرز لائے تاکہ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج چترال میں کرپشن کے خلاف جلسہ سے خطاب کریں گے اور 30 مئی کو اسلام آباد میں نوجوانوں کو اکٹھا کرکے کرپشن کے خلاف ایک بڑی تحریک کو منظم کرنے کیلئے قوم کے سامنے آئندہ کا لائحہ عمل رکھیں گے۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن