• news

پانامہ لیکس قومی ایشو‘ ہٹ نہیں سکتے‘ وزیراعظم کی صحت کیلئے دعاگو ہیں: اعتزاز

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس قومی ایشو ہے، اس سے ہٹ نہیں سکتے، وزیراعظم نوازشریف کی صحت کیلئے دعاگو ہیں، میری ہمدردیاں ان کے اہلخانہ کیساتھ ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں کبھی بھی پارٹی پالیسی کیخلاف نہیں جائوں گا ، پارٹی پالیسی چیئرمین بلاول نے بیان کردی ہے لیکن وزیراعظم نوازشریف کی اوپن ہارٹ سرجری کی وجہ سے میں ان کی صحت کیلئے دعاگو ہوں۔ ہمارا موقف ٹی او آر پر وہی ہوگا لیکن ہمارا لہجہ مدھم ہوگا ہم وزیراعظم اورانکے اہلخانہ کی دل آزاری نہیں کرنا چاہتے۔ہم نے حکومت سے کہا کہ اگر ہمارے ٹی او آر کو من وعن مان لیا جائے تو وزیراعظم کا نام ابتدائیہ سے نکالا جاسکتا ہے جس کے بارے میں کہا جاتا رہا کہ ہم وزیراعظم کا نام ہٹانے پر تیار ہو گئے ہیں۔ اسے سنسنی خیز ایشو بنا دیا گیا، ہم شریف فیملی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں چاہتے حالانکہ حکومت نے بہت واویلا ڈال رکھا ہے، حکومت چاہتی ہے کہ کمیشن کے سامنے لاکھوں مقدمات آجائیں اتنی دھول اڑے کہ پانامہ پیپرز کی طرف کسی کا دھیان ہی نہ جائے، احتجاج کی تحریک پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ ہے، ہمارے تجویز کردہ ٹی او آر کے لئے قانون سازی کرنا پڑے گی۔

ای پیپر-دی نیشن