اوکاڑہ : نئی نویلی دلہن نے زہریلا مشروب پلا دیا، سسر ہلاک، شوہر کی حالت نازک
اوکاڑہ (نامہ نگار) نئی نویلی دلہن نے سسر اور خاوند کو زہریلا مشروب پلا دیا، سُسر جاں بحق، خاوند کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق نواحی چک 31 ٹوا یل کی رہائشی ثمرین کی چھ ماہ قبل اسی گائوں کے تنویر سے شادی ہوئی جس سے وہ خوش نہ تھی۔ اس کے تعلقات مبینہ طور پر امجد کے ساتھ تھے گزشتہ روز ثمرین نے امجد کی مدد سے مشروب میں زہریلا مواد شامل کرکے اپنے سسر محمد یٰسین اور خاوند تنویر کو پلا دیا جس کے نتیجہ میں محمد یٰسین موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ تنویر کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچادیا گیا۔ پولیس نے ثمرین کوگرفتار کرلیا جبکہ اس کا مبینہ آشنا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ متوفی محمد یٰسین کے بیٹے محمد افضل کی مدعیت میں تھانہ شاہبھور نے مقدمہ درج کرلیا۔