• news

بنگلہ دیش: بلدیاتی انتخابات کے دوران پر تشدد واقعات 2 امیدواروں سمیت 12 ہلاک‘ ہزاروں زخمی

ڈھاکہ(اے ایف پی) بنگلہ دیش میں بلدیاتی انتخابات کے پانچویں مرحلے کے دوران پرتشدد واقعات میں 2امیدواروں اور 2بچوں سمیت 12 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوگئے۔ بنگلہ دیش میں بلدیاتی انتخابات کا پانچواں مرحلہ پہلی مرتبہ پارٹی لائن پر منعقد کیا جارہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتیں جاملپور، چٹاگانگ، نواکھلی، کومیلا، پانچا گڑھ اور ناریان گنج میں ہوئیں جن میں بیشتر کو گولیاں لگی ہیں۔ چیئرمین اور رکن امیدواروں کے حامیوں کے درمیان 717یونینز کے تحت 45اضلاع میں یونین کونسلوں کیلئے ڈالے گئے ووٹ کے دوران دھاندلی اور دیگر غیر قانونی عمل کے الزامات کے معاملے پر جھڑپیں ہوئی ہیں۔ جاملپور میں تشدد کے واقعات میں 2بچوں سمیت 4 افراد اس وقت ہلاک ہوگئے جب پولیس نے دو امیدواروں کے حامیوں کے درمیان تصادم کو ختم کرنے کیلئے فائرنگ کردی۔ ضلعی پولیس چیف محمد نظام الدین کا کہنا ہے کہ پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے فائرنگ کی۔ پرتشدد واقعات میں 2امیدوار بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں بی این پی کے کمال الدین اور ایم ڈی یاسین شامل ہیں۔ واضح رہے کہ انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد سے ساڑھے تین ماہ میں انتخابات کے دوران پرتشدد واقعات میں 100سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن