• news

نوازشریف سڑکوں کو معیشت کی شہ رگ بنانا‘ عمران ان پر کنٹینر رکھنا چاہتے ہیں: وزیر اطلاعات

مظفر آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان سڑکوں کا الگ ہی استعمال کرتے ہیں‘ وزیراعظم سڑکوں کو ملکی معیشت کی شہ رگ بنانا چاہتے ہیں اور عمران خان سڑکوں پر کنٹینر رکھنا جانتے ہیں‘ دھرنے والے معاشی و اقتصادی ترقی کی دشمن قوتوں کے ایجنڈا پر کاربند ہیں، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی قیادت اپنے فیصلے کرنے میں خودمختار ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی آصف کرمانی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشتاق منہاس کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 1970ء سے تسلسل سے انتخابات ہورہے ہیں، آزاد کشمیر الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت بہت زیادہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن کے جواب میں مخالفین نے جلسے عام کئے جن میں ان جماعتوں کی صف اول کی قیادت آئی۔ پھر بھی مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن دوسری جماعتوں کے جلسوں سے بڑے تھے۔ مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر میں مقبولیت وزیراعظم نواز شریف کی پالیسیوں پر عوام کا اعتماد ہے۔ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کے خلاف عدم اعتماد سے خود کو الگ رکھا آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کو پانچ سال حکومت کرنے کا پور اموقع فراہم کیا۔ مداخلت کا دور ختم ہو گیا اب مسابقت کا دور ہے۔ چین اور بھارت اقتصادی طور پر تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ بھارت گزشتہ پندرہ برسوں میں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے لیکن بدقسمتی سے ان کے مقابلے میں آمروں نے پاکستان کی معیشت ترقی کی بجائے تنزلی کی جانب گامزن کردی۔ وزیراعظم نواز شریف کی مدبرانہ قیادت کے فیصلوں نے ملکی معیشت کو پائوں پر کھڑا کردیا۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ ملک تیزی سے ترقی کرنا شروع ہوگیا ہے لیکن حکومت نے ان تین سال میں ملک کو تنزلی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ 28مئی 1998ء میں جب پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تو اس کے بعد سیاسی عدم استحکام پیدا کیا گیا۔ 1999میں منتخب حکومت کے خاتمے کے بعد ملک تنزلی کا شکار ہوا۔ 2013ء میں حکومت بننے کے صرف ایک سال بعد پارلیمنٹ کے سامنے کنٹینر لگا دیا گیا‘ ایوان وزیراعظم اور پارلیمنٹ ہائوس پر دھاوا بولنے کی باتیں کی گئیں۔ کنٹینر کی وجہ سے ملک میں لگنے والے منصوبوں میں تاخیر ہوئی ایک سو بیس دن کے دھرنے پر فخر کرنے والوں نے قوم کا وقت ضائع کیا۔ ملکی ترقی کے مخالف دوبارہ سڑکوں پر آنے کی باتیں کررہے ہیں۔ تین سال میں آزاد کشمیر کی حکومت کو تین سو ارب روپے دیئے گئے لیکن نااہل اور بددیانت حکومت نے عوام کے وسائل کو بے دردی سے استعمال کیا جو دیانت اور ایمانداری پنجاب‘ وفاق اور بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں نظر آتی ہے وہ آزاد کشمیر ‘ سندھ اور خیبرپی کے میں نظر نہیں آتی۔

ای پیپر-دی نیشن