لندن میں نوازشریف کی عیادت: منفی سیاست کرنیوالوں کو عوامی مشکلات کا احساس نہیں: شہباز شریف
لاہور (خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ تیز رفتار صنعتی ومعاشی ترقی کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ ناگزیر ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے دن رات ایک کررکھا ہے اور پاکستان بھر میں بجلی کے منصوبوں پر انتہائی برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 34 ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ حکومت توانائی بحران کے جلد خاتمے کیلئے سنجیدہ ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جا رہا ہے اورآئندہ دو برس میں توانائی کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی۔ بجلی کی کمی دور کرنے کیلئے کوئلے، ہائیڈل، سولر، ہوا، گیس اور دیگر ذرائع سے بجلی کے حصول پر کام کر رہے ہیں۔ زراعت، صنعت اوردیگر شعبوں کیلئے وافر بجلی دستیاب ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے منصوبوں پر زور و شور سے کام جاری ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے توانائی بحران میں کمی لانے اور عوام کو سستی بجلی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ آئندہ نسلوں کو پرامن ، خوشحال اور روشن پاکستان دیں گے۔ منفی سیاست کرنیوالوں کو عوام کی مشکلات اور تکالیف کا ذرا بھر احساس نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ترقی اور روشنی کے سفر میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کرنیوالے عوام کے خیر خواہ نہیں۔ اپنے مفادات کی خاطر ترقیاتی منصوبوں میں روڑے اٹکانے والے مٹھی بھر سیاسی عناصر عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ملک و قوم کی تقدیر بدلنے والے منصوبوں کی تکمیل کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میںملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا سفر جاری رہیگا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف گذشتہ روز لاہور سے لندن کیلئے روانہ ہوئے۔ ایم این اے حمزہ شہباز شریف بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ لندن گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے لندن روانگی سے قبل ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم وزیراعظم نوازشریف کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور قوم کی دعاؤں سے وزیراعظم جلد صحت یاب ہوں گے اور انشا اللہ وطن واپس آکر عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ لندن پہنچنے کے بعد وزیراعلی نے وزیراعظم نوازشریف کی عیادت کی۔