پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کا عمل پھر تیز‘ متحدہ کے بلدیاتی نمائندے شامل
کراچی (نیوز رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا عمل ایک بار پھر تیز ہو گیا۔ ایم پی ایز کے بعد ایم کیو ایم کے بلدیاتی نمائندگان بھی پاک سرزمین میں شامل ہو گئے۔ کورنگی ڈسٹرکٹ کے بلدیاتی نمائندگان یو سی 36 کے چیئرمین فیضان ابراہیم، کونسلر عقیل احمد، خاتون کونسلر خالدہ بی بی اور یوتھ کونسلر عبید جبکہ یو سی 22 کی خاتون کونسلر شازیہ بی بی نے ایم کیو ایم کو خیر آباد کہہ دیا۔ بلدیاتی نمائندگان کے ہمراہ کورنگی لانڈھی کے سو سے زائد کارکنان نے بھی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اظہار کرتے ہوئے عزم کیا کہ وہ سید مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کے ساتھ مل کر کراچی اور پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے کام کریںگے۔ دریں اثناء ترجمان پاک سر زمین پارٹی نے ملیر اور لائنز ایریا کراچی میں متحدہ کے کارکنوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار اور اس میں ملوث عناصر کو فوری گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔