• news

تربت‘ فائرنگ‘ لیویز اہلکار سمیت 2 جاں بحق: مانسہرہ 20 کلو بارود‘ جمرود سے 12 بم برآمد

تربت+چمن + مہمند ایجنسی + مانسہرہ (نیوز ایجنسیاں + نامہ نگاران) تربت کے علاقے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق ہو گئے، چمن میں ایک گھر پر دستی بم سے حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ مہمند ایجنسی میں بارودی سرنگ دھماکے میں بم ڈسپوزل سکواڈ کے 2 کارکن زخمی ہوگئے جبکہ سکیورٹی فورسز نے مانسہرہ میں تباہی کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 20 کلو وزنی بارودی مواد برآمد کر لیا جبکہ جمرود میں 12 ریموٹ کنٹرول بم برآمد کر لئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے زامران میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کی اطلاع پر لیویز اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب تحصیل صافی کے علاقے قیوم آباد میں بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے کے دوران دھماکہ ہوا جس سے بم ڈسپوزل سکواڈ کے 2اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر سکیورٹی فورسز نے مانسہرہ میں ایک کامیاب کارروائی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مانسہرہ کے قریب کریبائی اور چرانگدہ گاں میں انٹیلی جنس اطلاعات پرآپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دو دہشت گرد پکڑے گئے۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بیس کلو گرام دھماکہ خیز مواد، راکٹ اور دستی بم سمیت جدید اسلحہ برآمد کیا گیا۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران ایک غیر ملکی سمیت 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ادھر چمن میں کالج روڈ پر نامعلوم افرادنے ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق کالج روڈ پر واقع ایک گھر میں دستی بم سے حملہ کیا گیا۔ دھماکے سے گھر اور دوگاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں ملتان میں حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ادھر جمرود کے علاقے شورہ میں پہاڑی سے 12 ریموٹ کنٹرول بم برآمد ہوئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام بموں کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن