صدر کا وزیراعظم کو فون‘ خیریت دریافت کی: اللہ اہل وطن کو حفظ و امان میں رکھے: نوازشریف
اسلام آباد/لندن (آئی این پی+نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے لندن میں وزیراعظم نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے صحت یابی کے لئے دعائوں پر صدر مملکت اور قوم کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے کہا آپ کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہوں۔ ٹیلی فونک رابطے میں وزیراعظم نواز شریف نے صحت یابی کے لئے دعائوں پر صدر مملکت اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اہل وطن کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ روز پورا دن گھر والوں کے ساتھ گزارا۔ سرجن نے وزیراعظم کے گھر وزٹ کیا اور روٹین چیک اپ کیا۔ وزیراعظم نے حکومتی معاملات پر پاکستان کانفرنس کال کی۔ وزیراعظم نے بجٹ اور حکومتی معاملات پر اپ ڈیٹ لی۔ ان کی اوپن ہارٹ سرجری کل منگل کو ہو گی جس کے بعد وہ ڈاکٹر کی اجازت کے ملنے پر پاکستان واپس آئیں گے۔ ترجمان وزیراعظم ہائوس بتا چکے ہیں کہ وزیراعظم ایک ہفتہ تک ہسپتال میں قیام کریں گے۔ سوشل میڈیا پر وزیراعظم نواز شریف کیلئے نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے، ٹویٹر پر تو جئے سدا نواز شریف ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن میں زیر علاج وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی کیلئے پورا پاکستان دعاگو ہے۔ ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں نیک تمناؤں کا اظہار کر رہا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے وزیراعظم نوازشریف کو ٹیلیفون کرکے انکی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔