نوازشریف آج سکائپ کے ذریعے بجٹ کی منظوری دینگے: نگران وزیراعظم کی ضرورت نہیں: ایاز صادق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ + نیوز ایجنسیاں) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ منگل کی صبح وزیراعظم نواز شریف کا آپریشن ہو گا دعا ہے وزیراعظم جلد صحت یاب ہو جائیں، وزیراعظم کی صحت یابی کیلئے دعا مسلم لیگ ن ہی نہیں پورا پاکستان کر رہا ہے، دعائیہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف آج سکائپ پر وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم بجٹ و دیگر امور سے متعلق ویڈیو لنک پر خطاب کریں گے۔ نگران وزیراعظم کی کوئی ضرورت نہیں۔ میں نے دونوں فریقین سے کہا ہے کہ مل بیٹھ کر ٹی او آر بنا لیں۔ ٹی او آر کی پہلی میٹنگ میں موجود تھا تجویز دی تھی کہ کوئی بھی فیصلہ ہونے تک میڈیا سے گفتگو نہ کی جائے، سردار ایاز صادق نے کہا وزیراعظم کی دوسری اوپن ہارٹ سرجری ہو گی۔ آئی این پی کے مطابق ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور جمہوریت مضبوط ہوگی۔
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف آج شام سوا پانچ بجے ویڈیولنک پر قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے اس کے بعد وزیراعظم زیر صدارت ساڑھے چھ بجے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں قومی بجٹ 2016-17ء کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ پاکستان ہائی کمیشن لندن میں وزیراعظم کے کابینہ سے خطاب کا انتظام کرلیا گیا ہے وزیراعظم کابینہ کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے وزیراعظم محمد نواز شریف پیر کو لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے اجلاس میں ترقیاتی بجٹ اور اقتصادی ہدف کی منظوری دی جائے گی وفاقی کابینہ نئے مالی سال کے بجٹ کی منظوری دے گی۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم 4آئینی مسودوں پر دستخط کریں گے آئینی مسودے بند لفافوں میں پاکستان بھجوائے جائیں گے۔ وفاقی کابینہ آج 4.4 ٹریلین روپے کے آئندہ سال 2016-17ء کے بجٹ کی منظوری دے گی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ایم ایف کی ہدایت پر 288 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگنے کا امکان ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جی ڈی پی گروتھ کی شرح چھ فیصد رکھے جانے کا امکان ہے۔