• news

سندھ خریف سیزن کیلئے مطلوبہ پانی فراہم نہیں کر رہا: بلوچستان کی ارسا میں شکایت

اسلام آباد (فواد یوسفزئی؍ نیشن رپورٹ) بلوچستان نے خریف کے سیزن کیلئے سندھ کی جانب سے بلوچستان کا پانی روکے جانے کیخلاف سندھ واٹر سسٹم اتھارٹی میں شکایت درج کرا دی بلوچستان نے مشکلات کے ازالے کیلئے وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کیا ہے۔ ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا کہ بلوچستان کی جانب سے درج شکایت میں کہا گیا ہے کہ نہروں میں کافی پانی ہونے کے باوجود بلوچستان کو اس کے حصے کا پانی نہیں دیا جا رہا۔ ذرائع نے کہا حیران کن امر یہ ہے کہ بلوچستان کے ساتھ سندھ کے کسان بھی پانی کی قلت کی شکایت کر رہے ہیں ارسا کے اعدادو شمار کے مطابق خریف کے سیزن میں پانی کی قلت نہیں ہوتی سندھ میں پانی طلب سے زیادہ ہوتا ہے لیکن حیران کن طور پر اس سال سندھ اور بلوچستان کے کسان پانی میں کمی کی شکایت کر رہے ہیں بلوچستان حکومت کے مطابق بلوچستان کی اپنی نہریں نہیں اور تمام بیراجوں کا کنٹرول سندھ کے پاس ہوتا ہے اور سندھ پہلے ہی اپنی ضرورت پوری کرتا ہے اور عام طور پر بلوچستان کو پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ بلوچستان اپنے منظور شدہ حصے سے 700 کیوسک کم پانی حاصل کر رہا ہے، سیزن بلوچستان کا حصہ 1500 کیوسک منظور ہے مگر اسے 803کیوسک پانی مل رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ کی طرف سے جان بوجھ کر بلوچستان کا پانی کم کرنے کا امکان نہیں بلکہ بدانتظامی کی وجہ سے بلوچستان کو پانی سے محروم کیا جا رہا ہے دونوں صوبوں کے درمیان اعتماد کی کمی کے باعث کسانوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ہے ذرائع کے مطابق بلوچستان کی شکایت کو متعلقہ حکام کو بلوچستان کے تحفظات کے ازالے اور ان خامیوں پر قابو پانے کی ہدایت کی گئی ہے جن کے باعث ذخائر سے جاری ہونیوالا پانی شفاف طریقے سے کسانوں تک نہیں پہنچتا واضح رہے کہ گزشتہ سال بلوچستان نے ربیع کے سیزن میں بھی سندھ پر پانی چوری کا الزام عائد کیا تھا۔
بلوچستان پانی چوری

ای پیپر-دی نیشن