افغانستان: فورسز کی فضائی کارروائی، جھڑپ،10 اہم کمانڈروں سمیت19 طالبان ہلاک
کابل (اے پی پی) شمالی افغانستان میں فضائی کارروائی کے دوران طالبان کے10اہم کمانڈر ہلاک اورایک شدید زخمی ہو گیا جبکہ ارزگان میں افغان فورسز سے جھڑپوں میں 9 طالبان ہلاک اورکئی دیگر زخمی ہو گئے، کابل میں سکیورٹی اداروں نے ایک خودکش حملہ آورکو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، امریکہ نے افغانستان میں موجود اپنے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ افغان وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ گزشتہ روز صوبہ کے مرکزی ضلع میں فضائیہ نے شدت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ طالبان کے اہم رہنماء ایک جگہ پرجمع تھے اور ٹھیک اسی مقام کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں طالبان کے10اہم کمانڈر ہلاک اورایک شدید زخمی ہوگیا۔ طالبان کی جانب سے اس بارے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ ادھر صوبہ ارزگان میں افغان فورسز سے جھڑپوں میں 9 طالبان ہلاک اورکئی دیگر زخمی ہو گئے۔ اس کارروائی میں طالبان کے شیڈو گورنر مولوی جان آغا بھی ہلاک ہوگئے جبکہ کابل میں سکیورٹی اداروں نے ایک خودکش حملہ اورکو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ افغان انٹیلی جنس ادارے این ڈی ایس نے دعویٰ کیاہے کہ حملہ اورکا تعلق حقانی نیٹ ورک سے تھا اور اسے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی نشانہ بنایا گیا۔ مغربی صوبہ ہرات میں طالبان کے اہم کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاگیا ہے۔ حکام کے مطابق ضلع گوزارا میں طالبان کے ایک اہم کمانڈر کے گھر پرچھاپہ ماراگیا تھا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں مقامی طالبان کمانڈر کو ہلاک کردیا گیا۔