• news

دشمنوں کی فنڈنگ سے دہشت گردی کرنیوالوں کا ہر جگہ پیچھا کرینگے: ثناء اللہ زہری

خضدار (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے خضدار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں خوف کا بت توڑ دیا۔ دشمنوں کی فنڈنگ سے دہشت گردی کرانے والوں کا ہر جگہ پیچھا کیا جائیگا۔ کسی کو بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط نہیں کرنے دیں گے۔ نواز شریف کی حکومت مضبوط ہے۔ مخالفین 2018ء کے بعد بھی انتظار کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے جلسے میں وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کی دعا کرائی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواب ثناء اللہ زہری نے مزید کہا کہ سابق حکومتوں نے عوام کو دہشت گردوں کی رحم و کرم پر چھوڑا تھا مگر میں عوام سے وعدہ کرتا ہوںکہ آخری دہشت گرد کو انجام تک پہنچائے بغیر چھین سے نہیں بیٹھوں گا۔لند ن اور سوئزلینڈ کی پرتعیش زندگی گزارنے والوں کو بلوچ نوجوانوں کے سروں کا سودا کرنے نہیں دیں گے۔ میں براہمداغ بگٹی اور حیر بیار مری کو ایک بار پھر دعوت دیتا ہوں کہ وہ بلوچستان آ جائیں آئین پاکستان کے تحت قومیت پرستانہ سیاست کریں یا وفاق کی، اگر عوام انہیں مینڈیٹ دیگی تو ہمیں قبول ہوگا، میں نے ملک و قوم کیلئے اپنے بچوں کی قربانی دی اور آئندہ ملک کی استحکام کیلئے قربانیاں دیتے رہیںگے۔

ای پیپر-دی نیشن