• news

مردان : پولیس کی فائرنگ سے خودکش حملہ آور ہلاک، دھماکہ،12 افراد زخمی

مردان + جعفر آباد+ لاہور + کوہاٹ (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) مردان میں پولیس کی فائرنگ سے خود کش حملہ آور ہلاک ہو گیا جب کہ خودکش جیکٹ پھٹنے سے 3اہلکاروں سمیت 12 زخمی ہو گئے۔ ڈیرہ بگٹی میں نامعلوم مسلح افراد نے 16 انچ قطر کی گیس پائپ لائن دھماکے سے اڑا دی۔ درہ آدم خیل میں اسلحہ کی دکان میں بارودی مواد کے دھماکے سے 3 افراد زخمی ہو گئے جب کہ لاہور، قصور، کوہاٹ اور پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران 313 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات مردان سٹی تھانے میں ایک خودکش حملہ آور گھسنے کی کوشش کر رہا تھا کہ شک گزرنے پر وہاں پر موجود پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور اور اس کے جسم پر بندھی ہوئی جیکٹ پھٹنے سے دو پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ گیس فیلڈ میں نامعلوم مسلح افراد نے 16انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا، لیویز کے مطابق پیر کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیر کوہ میں نامعلوم افراد نے 16انچ قطر گیس پائپ لائن دھماکہ خیز مواد سے اڑا دی جس سے کنواں نمبر 10سے پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی، ملزم موقع سے فرار ہوگئے۔ کوہاٹ کے نیم قبائلی علاقہ درہ آدم خیل میں اسلحہ کی دکان میں بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے تین افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جبکہ دکان مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر ملبے سے نکال کر لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ادھر کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے لاہور کے علاقے مغلپورہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کارکن کو ممنوعہ لٹریچر تقسیم کرتے ہوئے گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ نہر کے پل پر حزب التحریر کے کارکن آصف کو گرفتار کیا گیا اور قابل اعتراض تحریری مواد پر مبنی 104 پمفلٹ اور 32 کتابیں برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 36مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ پولیس نے ریلوے سٹیشن، داتا دربار اور گردونواح میں سرچ آپریشن کیا۔ قصورسے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پولیس نے گرینڈ آپریشن کے دوران 18 افراد کو حراست میں لے ر اسلحہ ناجائز اور منشیات برآمد کرکے مقدمات درج کر لئے گئے۔ سرچ آپریشن کے دوران 60 کے قریب گھروں کو چیک کیا گیا۔بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور پولیس نے جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران 73افغان مہاجرین اور 16 اشتہاری ملزمان سمیت 215مشتبہ ومنشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا ادھر کوہاٹ میں سرچ آپریشن کے دوران دوران 43 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن