گارڈ ہلاکت کیس: غیر حاضری پر رکن قومی اسمبلی روحیل اصغر اور ڈرائیور کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد (وقائع نگار َ ) جوڈیشل مجسٹریٹ نے گاڑی کی ٹکر سے سکیورٹی گارڈ کی ہلاکت کے معاملے پر مسلم لیگ(ن)کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔پیر کوجوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد ہمایوں دلاور کے رو برو مسلم لیگ(ن)کے رکن اسمبلی شیخ روحیل اصغر اور ان کے ساتھ ڈر ائیور ذوالفقار کے خلاف سیکیورٹی گارڈ کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت کی جانب سے ملزمان پر فرد جرم عائد کی جانی تھی لیکن دونوں ہی عدالت میں پیش نہ ہوئے جب کہ ملزمان کی جانب سے گزشتہ سماعت میں منظور کی گئی ضمانت کے مچلکے بھی جمع نہیں کرائے گئے۔ عدالت نے شیخ روحیل اصغر کے وکیل سے ملزمان کی غیر حاضری اور ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ جس پر ملزم کے وکیل نے کہا کہ انہیں ضمانتی مچلکے نقد جمع کرانے ہیں، اس کے لئے ابھی بنک سے رقم نکلوانی ہے اور اس کے لیے وقت دیا جائے۔ فاضل جج نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ شیخ روحیل اصغر پر الزام ہے کہ 10 اگست 2014ء کو ان کی سرکاری گاڑی کی ٹکر سے نجی کمپنی کا سکیورٹی گارڈ راز محمد ہلاک ہو گیا تھا تاہم پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔ عدالت نے متوفی کی اہلیہ کی درخواست پر پولیس کو مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور ان کے ایک ساتھی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔