ویڈیو لنک سے اجلاس کی صدارت تشویشناک ، مسلم لیگ ن جیسے کام چلا رہی ہے ایسا دنیا میں نہیں ہوتا: عمران
اسلام آباد (نیٹ نیوز+ ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کے کسی بھی جمہوری ملک میں اس طرح حکومتی انتظامات نہیں چلائے جاتے جیسے مسلم لیگ ن چلا رہی ہے، وزیراعظم کی جانب سے ویڈیولنک پر قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کا فیصلہ انتہائی تشویشناک ہے۔ مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم کی غیرمحفوظ ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل کے اہم ترین اجلاس کی صدارت سنگین خطرات کا حامل ہے، متوسط سائبر وسائل کے حامل جاسوس ادارے کے لئے پاکستان کی اقتصادی منصوبہ بندی کے حوالے سے اہم ترین گفتگو تک رسائی مشکل کام نہیں، ملکی مفادات کے تحفظ کی خاطر اہم معلومات کی باضابطہ تشہیر سے قبل انہیں صیغہ راز میں رکھا جاتا ہے، وزیراعظم کی رازوں سے بھرپور علالت اور عدم موجودگی کے باعث قومی مفادات پر مسلسل سمجھوتے کئے جا رہے ہیں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل اور پاکستانی بجٹ کے بارے میں حساس معلومات ملک دشمن اداروں کے ہاتھ لگ سکتی ہیں جو ملک کے لئے نقصان دہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کے اس بیان پر کابینہ ڈویژن نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشن میں ویڈیو لنک کے ذریعے ہونے والا رابطہ مکمل طور پر محفوظ ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وزیر قانون اور سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے وزیراعظم بیرون ملک بیٹھ کر ملکی امور چلا سکتے ہیں لیکن اگر یہ معاملہ سپریم کورٹ میں چلا گیا تو حکومت کے پاس سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہوگا۔