• news

ایک ہی دن روزہ، عید کی کوششیں ناکام، وزیر مذہبی امور’’خیبر پی کے‘‘ کے علما کو قائل نہ کر سکے

پشاور (بیورو رپورٹ ) ملک بھر میں ایک ہی دن روزہ اور عید منانے کی کوششیں مفتی پوپلزئی نے ناکام بنا دی، وفاقی وزیرمذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف خیبرپی کے کے علماء کو قائل نہ کر سکے، رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس6جون کو ہو گا ، مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے 5 جون کو شہادتیں موصول ہونے کی صورت میں 6 جون کو پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کردیا۔ منگل کو پشاور کے اوقاف ہال میں وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف کی زیرصدارت مقامی اور زونل رویت ہلال کمیٹی کا مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی شرکت کی۔ سردار یوسف نے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت اور رویت ہلال کمیٹی کے درمیان رابطے کا فقدان ہے جسے ختم کیا جائیگا جبکہ اس معاملے پر قانون سازی کی بھی ضرورت ہے اور وہ بھی کی جائیگی۔ چاند کی 29 تاریخ کو زونل اور مرکزی کمیٹیوں کا اجلاس ایک ہی دن بلایا جائیگا۔ مسجد قاسم علی خان سے جو شہادت آئے گی وہ زونل کمیٹی سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو پہنچائی جائے گی جس کا اہتمام وزارت مذہبی امورکریگی۔ شہاب الدین پوپلزئی نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے 6 جون کو اجلاس بلا رکھا ہے تاہم اگر ہمیں 5 جون کو شہادتیں موصول ہوگئیں تو ہم 6 جون کو روزہ رکھیں گے۔ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ اشتہاردیا جائے کہ جس نے رمضان کا چاند دیکھا ہے وہ گواہی تجویز کردہ نمبرز پر دیں، چاند دیکھنے کی صورت میں وفاق کو آگاہ کریں گے، اگر چاند دیکھنے کی گواہی شریعت کے مطابق پوری اترے تو اسے قبول کرلیا جائے اگر نہ اترے تو رد کردی جائے۔ وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے درخواست کریں گے کہ آپ کی شہادتوں سے پہلے اعلان نہ کریں، شہادتوں کو آگے پہنچانے کا کام حکومت کا ہے اسلئے اپنی ذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن