مہمند ایجنسی: 2 بم دھماکے،2 سکیورٹی اہلکار شہید،2 زخمی
مہمند ایجنسی+ چمن+ لاہور+ اسلام آباد (نامہ نگاران+ نیوز ایجنسیاں) مہمند ایجنسی میں حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز پر ہونے والے دو الگ الگ بم حملوں میں دو سکیورٹی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ چمن میں سکیورٹی فورسز نے گھیرا تنگ کیا تو اغوا کاروں نے قبائلی رہنما کے بیٹے عبدالنافع اچکزئی کو چھوڑ دیا جب کہ 6 اغواکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیٹکل انتظامیہ مہمند ایجنسی کے مطابق پہلا واقعہ منگل کی صبح بیزئی تحصیل کی پاک افغان سرحدی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل پر سوار سکیورٹی فورسز کے دو اہلکاروں کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔ سکیورٹی اہلکار پاک افغان سرحد پر واقع صفدر چیک پوسٹ سے کہنی جارہے تھے کہ اس دوران ان پر سڑک کے کنارے بم پھٹ کیا گیا جس سے دونوں اہلکار شہید ہو گئے۔ سرکاری اہلکار کے مطابق دوسرا حملہ مہمند ایجنسی کی تحصیل پنڈیالی میں ہوا جہاں سڑک کی تعمیر میں مصروف فرنٹیر ورکس آرگنائزئشن کے اہلکاروں کو ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس میں 2 اہلکار زخمی ہوئے۔ ادھر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان جماعت الحرار نے سرحدی پوسٹ کے قریب سکیورٹی فورسز پر ہونے والے حملے کی ذ مہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقہ چمن میں سیکیورٹی فورسز نے گھیرا تنگ کیا تو اغوا کاروں نے قبائلی رہنما کے بیٹے عبدالنافع اچکزئی کو چھوڑ دیا ،چھ اغوا کاروں کوگرفتار کر لیا گیا۔ عبدالنافع اچکزئی کو گزشتہ دنوں نامعلوم افراد نے چمن سے اغوا کیا تھا جس کے خلاف قبائلی افراد نے کوئٹہ چمن شاہراہ بلاک کر دی۔ ملزمان کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، گھیرا تنگ ہونے پر اغوا کاروں نے قبائلی رہنما کے بیٹے کو چھوڑ دیا جس پر مشتعل قبائلیوں نے کوئٹہ چمن شاہرہ پر احتجاج ختم کر دیا۔ ادھر وفاقی دارالحکومت کے تھانہ کھنہ کی حدود میں وفاقی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے سرچ آپریشن میں ایک افغانی شہری سمیت 15 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، منشیات اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔ لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 13 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ جبکہ سوات میں کارروائی کے دوران دہشت گردی میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے گوجرانوالہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہشت گرد کمانڈر گوجرانوالہ میں سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا کالعدم تنظیم داعش کے کمانڈر فیصل بابر کو منی سٹیڈیم کے قریب سے پکڑا گیا ملزم سے پریشر ککر بم‘ بال بیرنگ ڈیٹونیٹرز برآمد کرلئے گئے، مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔