انسداد تمباکو نوشی کا عالمی دن منایا گیا پاکستان میں سگریٹ نوشی بڑھ گئی
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان سمیت دنیا بھر میں تمباکو نوشی کیخلاف دن منایا گیا ، بدقسمتی سے پاکستان میں سگریٹ پینے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، چار سال کے دوران خواتین میں بھی تمباکو نوشی چار فیصد سے بڑھ کر 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ہرسال31 مئی تمباکو نوشی کے خلاف عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔13سال پہلے سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر تمباکو نوشی پر پابندی کا قانون تو نافذ کیا گیا لیکن سگریٹ نوشوں کی تعداد میں کمی کی بجائے اضافہ ہوتا گیا وطن عزیز میں جگہ جگہ سگریٹ کی کھلے عام فروخت جاری ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ بچے بوڑھے ہر عمر کے لوگ ان کے گاہک ہیں۔سرکاری اور غیر سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پندرہ برس سے زیادہ عمر والے 39 فیصد مرد اور 9 فیصد خواتین سگریٹ نوشی کرتی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی کی روک تھام کے لیے حکومتی اقدامات اپنی جگہ لیکن کامیابی اس وقت ہی ممکن ہوسکتی ہے جب شہری خودذمہ داری کا ثبوت دیں۔اسلام آباد کے شفا ہسپتال میں سیمینار منعقد کیا گیا جس میں ماہرین صحت نے تمباکو نوشی کے نقصانات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔