عملے کو ہراساں کئے جانے کا الزام، افغانستان نے احتجاجاً پشاور میں قونصل خانہ بند کر دیا
پشاور/ اسلام آباد (نیشن رپورٹ+ ایجنسیاں) افغانستان نے عملے کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر احتجاجاً پشاور میں اپنا قونصل خانہ بند کر دیا ہے۔ افغان سفارتخانے کے ذرائع نے بتایا کہ ہم نے قونصل خانہ اس لیے بند کیا کیونکہ منگل کی صبح سکیورٹی اہلکار نے قونصل خانے کے عملے کے ساتھ ناروا سلوک کا مظاہرہ کیا تھا۔ ذرائع نے کہا کہ سفارتخانے نے پاکستانی وزارت خارجہ میں بھی احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ این این آئی کے مطابق پشاور میں متعین افغان قونصلر جنرل کی گاڑی سکیورٹی چیک پوسٹ پر روکنے پر افغان قونصلیٹ کے عملے نے احتجاجاً قونصل خانہ بند کیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق پشاور میں متعین افغان قونصلر جنرل ڈاکٹر عبد اللہ وحید پویان اپنی گاڑی میں جا رہے تھے کہ فوجی فائونڈیشن ہسپتال کے قریب سیکورٹی چیک پوسٹ پر روک کر ان کی گاڑی کی تلاشی لی گئی پوچھ گچھ کی جس پر افغان قونصلر جنرل سیخ پاہوگئے انہیں چیکنگ نا گوار گزری ۔اس دوران تلخ کلامی بھی ہوئی،جس پر قونصلیٹ عملے نے احتجاج کیا اور احتجاجاً عملے نے قونصل خانے کو بند کردیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے معلومات حاصل ہونے کے بعد موقف دیا جائیگا۔