پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ رہے ہیں: عہدیدار ایمرجنسی سنٹر
اسلام آباد (اے ایف پی) اپریل کے دوران ملک بھر میں 40 ہائی رسک مقامات سے لئے گئے گارے کے نمونوں میں پولیو کا وائرس نہیں پایا گیا۔ پولیو کے خاتمے کے حوالے سے قائم ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے نیشنل کوآرڈینیٹر رانا صفدر نے کہا کہ ہم اس سال کے آخر تک ملک سے پولیو کے خاتمے کے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اس سال اب تک پولیو کے 11 کیسز سامنے آئے ہیں جو گزشتہ سال کے اسی عرصہ 25 کیسز سے کافی کم ہے۔ انہوں نے کہا جب سے نمونوں کا تجزیہ شروع کیا گیا اپریل پہلا مہینہ ہے کہ اس میں پولیو کا کوئی وائرس نہیں ملا۔ انہوں نے کہا اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم نے پولیو کا خاتمہ کر دیا تاہم ہمیں اعتماد ہے کہ ہم پولیو وائرس کے پھیلنے کی اب تک کے کم ترین خطرے والی صورتحال تک پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان توقع کر رہا ہے کہ 2018ء میں اسے پولیو سے پاک ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا جائے گا۔