• news

عمران خان، طاہر القادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری،20 جون کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے دھرنوں کے دوران ایس ایس پی عصمت جونیجو پر تشدد کے مقدمے میں عمران خان اور طاہر القادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے دونوں کو 20 جون کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد کے جج سہیل اکرام نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجوپر تشدد سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری اور مقدمے میں نامزد دیگر ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ عدالت نے ڈی ایس پی ادریس راٹھور کو خود وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کا حکم دیا ہے۔ مقدمہ میں ملزم بار بار طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے۔ عدالت نے ڈی ایس پی ادریس جونیجو سے کہا وہ خود وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروائیں اور عدم تعمیل کی صورت میں 20 جون کو خود عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے عمران خان اور طاہر القادری کو بھی20 جون کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کو حکم دیا دونوں کو گرفتار کر کے مقررہ تاریخ پر عدالت میں پیش کیا جائے۔ ملزموں کیخلاف باوردی اہلکار پر تشدد، کار سرکار میں مداخلت اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔

ای پیپر-دی نیشن