وزیراعظم 3 ہفتے تک وطن آجائیںگے، سازشوں کا مقابلہ کرینگے:مریم نواز
اسلام آباد (آئی این پی +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جو لوگ وزیراعظم نواز شریف کی خرابی صحت سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں انہیں مایوسی ہو گی، وزیراعظم صحت مند ہو کر نئی توانائی کے ساتھ سازشوں کا مقابلہ کرینگے، وزیراعظم تین ہفتوں تک پاکستان واپس آجائیں گے، عمران خان کے وزیراعظم کے لئے گلدستہ بھیجنے کو سراہتی ہوں، وزیراعظم اپنے دل کا آپریشن دو سال بعد کرانا چاہتے تھے لیکن ڈاکٹر کے اصرار پر دسمبر میں آپریشن کی حامی بھری، پیزے پر تنقید کرنے والوں کیلئے میری دعا ہے کہ انہیں یہ وقت نہ دیکھنا پڑے، خود کو پارٹی میں کسی پوزیشن کے لئے نہیں دیکھتی جتنا سیاسی درجہ حرارت بڑھے گا، اتنے وزیراعظم مقبول ہوں گے۔ امید ہے کہ وزیراعظم پہلے سے زیادہ صحت مند ہو کر کام کریں گے۔ وہ نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اب خیریت سے ہیں ، ان کا آپریشن ساڑھے 4 گھنٹے جاری رہا ، جو پاکستانی وقت کے مطابق 5 بجے ختم ہوا ، ڈاکٹرز نے وزیر اعظم کے 4 بائی پاس کیے ، آپریشن کے دوران ڈاکٹرز ہمیں وقت فوقتاً آگاہ کرتے رہے ، میرے بھائی آپریشن تھیٹر کے باہر موجود تھے جن سے میرا مسلسل رابطہ رہا، میں نے ٹوئیٹر پر قوم کو تمام معلومات پہنچاتی رہی ، وزیر اعظم کو چھ گھنٹے کے لئے آئی سی یو منتقل کیا، انہوں نے کہا کہ میں ساری زندگی کیلئے پاکستان کے کروڑوں لوگوں کی طرف سے پر خلوص دعائوں پر مقروض ہوں، میرا بس چلے تو ہر کسی کے پاس جا کر شکریہ ادا کروں، وزیراعظم نواز شریف ٹانگوں میں تکلیف کے باعث ڈیڑھ مہینہ قبل طبی معائنے کیلئے گئے تھے، درد خود بخود دور ہو گیا تھا، وزیراعظم کو بیماری کی علامات تین چار ماہ سے محسوس ہو رہی تھیں ، ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ چار ہفتوں کے بعد دوبارہ تشریف لائیں پھر آپ کے ہارٹ کے ٹیسٹ لیے جائیں گے، وزیراعظم کے انجیوگرام میں پتا چلا کہ ان کی کچھ شریانیں بند ہیں، جس پر ڈاکٹر نے بائی پاس تجویز کیا۔ ڈاکٹرز پرامید ہیں کہ وزیر اعظم کی سرجری توقعات سے زیادہ کامیاب رہی ، مریم نواز نے کہا کہ وزیر اعظم کے لندن میں معالجی معائنے اور سرجری کے دوران جن لوگوں نے وزیراعظم کے خلاف باتیں کیں میری دعا ہے کہ انہیں یہ وقت نہ دیکھنا پڑے۔ وزیراعظم نے میرے بھائی کے بچوں کے ساتھ پیزا کھایا جن لوگوں نے پیزے پر پروپیگنڈا کیا اللہ انہیں ہدایت دے ۔ مریم نواز نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنے دل کا آپریشن دو سال بعد کرانا چاہتے تھے ۔ ڈاکٹر کے اصرار پر دسمبر میں حامی بھری۔ ڈاکٹر نے کہا کہ آپ اس وقت وزیراعظم نہیں مریض ہیں۔ وزیراعظم فائٹر انسان ہیں، بیماری کے باوجود انہوں نے بڑے بڑے عوامی اجتماعات میں شرکت کی۔ مخالفین کو نظر آرہا ہے کہ وزیراعظم 2018ء کے انتخابات میں بھی جیت جائیں گے اس لئے وہ سازشیں کر رہے ہیں۔ عوام سے ایک بار پر دعا کی اپیل کرتی ہوں۔ مریم نواز نے بتایا وزیراعظم نے ہوش میں آنے کے بعد پانی مانگا تھا۔ آپریشن تھیٹر میں جانے سے پہلے میری وزیراعظم سے بات ہوئی تھی۔ میں نے ان سے کہا آپکو اس حالت میں نہیں دیکھ سکتی۔ یہ میرے آخری الفاظ تھے ’’آپکو اللہ کے حوالے کیا‘‘۔