ناگپور: بھارتی فوج کے سب سے بڑے اسلحہ ڈپو میں ہولناک آتشزدگی، دھماکے،2 افسر،18 اہلکار ہلاک
ناگپور (نیٹ نیوز+ اے ایف پی) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناگپور میں ملک کے سب سے بڑے فوجی اسلحہ خانے میں گذشتہ صبح ہولناک آتشزدگی اور دھماکوں سے دو افسروں سمیت 20 فوجی ہلاک 19 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ بلگائوں کے سنٹرل ایمونیشن ڈپو میں منگل کی صبح پیش آیا۔ حکام نے بتایا واقعہ میں دو افسروں جن میں ایک لیفٹیننٹ کرنل ہے ،سمیت 20 فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے ۔ زخمی فوجیوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ تاحال آتشزدگی کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا اور متاثرہ مقام پر امدادی کارروائیاں جاری تھیں۔ ذرائع کے مطابق پیر اور منگل کی علیٰ الصبح تقریباً دو بجے اس ڈپو سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دینا شروع ہوئیں۔ دھماکوں کے بعد لوگوں نے وہاں سے شعلے بلند ہوتے دیکھے اور اس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آتشزدگی کے سبب ڈپو کے قریبی چار دیہات کو خالی کروا لیا گیا۔ ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔ بھارتی حکام کے مطابق اسلحہ ڈپو میں دھماکے کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم قائم کی جائے گی۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق ناگپور کا سینٹرل ایمونیشن ڈپو ایشیا کا سب سے بڑا فوجی اسلحہ ڈڈپو ہے اور گولہ بارود کی منتقلی کا مرکز ہے، زائد المیعاد ہتھیاروں کو تلف بھی کیا جاتا ہے، ڈپو میں اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور براہموس میزائل اور اے کے 47 رائفل بھی موجود ہیں۔ خیال رہے کہ بھارت میں حالیہ برسوں میں اسلحہ خانوں میں آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ 2010 میں مشرقی شہر پناگڑھ میں ایک بڑے اسلحہ ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی تھی تاہم اس میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تھا۔ ضلعی پولیس عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ 17 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوئے کئی زخمیوں کی حالت خطرے میں ہے۔ اسلحہ ڈپو میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ فائر بریگیڈ کے عہدیدار نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیوں نے حصہ لیا۔ بھارتی وزیراعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں اس واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر وزیر دفاع منوہر پاریکر فوراً ناگپور پہنچے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ سہاگ بھی فوری ناگپور پہنچ گئے اور زخمی فوجیوں کی ہسپتال میں عیادت کی ۔