دانش کنیریا خاندان سمیت سیاسی پناہ لینے بھارت پہنچ گئے: ذرائع
لاہور (نمائندہ سپورٹس/ سپورٹس رپورٹر) سپاٹ فکسنگ کیس میں تاحیات پابندی کا شکار لیگ سپنر دانش کنیریا سیاسی پناہ حاصل کرنے کیلئے فیملی کے ہمراہ بھارت پہنچ گئے ہیں تاہم انہوں نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مذہبی مقامات کی یاترا کیلئے بھارت گئے ہیں۔دانش کنیریا کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مثبت جواب نہ آنے کے بعد کرکٹر کو شدید مایوسی ہوئی ہے اور وہ اپنے خاندان کے ہمراہ سیاسی پناہ حاصل کرنے کیلئے بھارت گئے ہیں۔ دوسری طرف لیگ سپنر دانش کنیریا نے بھارت میں مستقل قیام کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی والدہ اور اہلیہ کے ہمراہ مذہبی مقامات کی یاترا کیلئے بھارت آیا ہوں اور کب پاکستان واپس جاوں گا اس بارے میں کچھ کہہ نہیں سکتا اور خاموشی سے نہیں بلکہ ویزہ لے کر بھارت آیا ہوں۔واضح رہے کہ لیگ سپنر دانش کنیریا ہندو مذہب سے تعلق رکھتے ہیں اور پہلے بھی سندھ سے کثیر تعداد میں ہندو سیاسی پناہ حاصل کرنے کیلئے بھارت جا چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ دانش کنیریا کے خاموشی سے بھارت جانے نے بہت سے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔