انگلینڈ میں سخت چیلنج درپیش ہو گا‘ سیریز کیلئے تیار ہیں: اظہر علی
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) کیمپ میں دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے حوالے سے اظہر علی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم کو سخت چیلنج درپیش ہوگا تاہم کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے، ٹیسٹ ٹیم مسلسل دو سال سے عمدہ کارکردگی دکھا رہی ہے اور اس بار بھی پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ 2010ء کی سیریز میں پاکستان کی نسبتا نوجوان سائیڈ نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا ۔ہماری بولنگ نے اسوقت بھی حریف بلے بازوں کو پریشان کیا تھا اور اس بار بھی ہمارے پاس محمد عامر ،راحت علی ،وہاب ریاض اور عمران خان جیسے پیسرز موجود ہیں۔ میچ کے تیسرے روز سے ریورس سوئنگ بھی ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ امید ہے کہ ان وکٹویں پر سپن باولرز کو بھی مدد ملے گی۔ ہمیں اچھے پیسرز اور سلو بولرز دستیاب ہیں جو حریف بلے بازوں کے لئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ محمد عامر ٹیم میں سیٹ ہوچکے ہیں اور وہ دور ہ انگلینڈ کے دوران کسی دبائو کا شکار نہیں ہوں گے ۔ ہمارے پاس تجربہ کار مصباح الحق اور گزشتہ دورہ میں اچھا پرفارم کرنے والے یونس خان موجود ہیں۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ مینجمنٹ کا رابطہ ضرور ہے ۔ ان کی راہنمائی کے مطابق کیمپ میں سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں فٹنس بہتر بنانے کا اچھا موقع ملا ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا ،بہترین ٹریننگ دینے پر پاکستان آرمی کے شکر گزار ہیں۔ خود کو مستقبل کے سخت چیلنجز کے لئے زیادہ بہتر انداز میں تیار محسوس کررہے ہیں ۔قذافی سٹیڈیم میں سکلز کیمپ کا بنیادی مقصد انگلش کنڈیشنز سے مطابقت پیدا کرنا ہے ۔پچز پر گھاس چھوڑی گئی ہے ۔ ڈیوک گیند بھی استعمال کررہے ہیں ۔ہر بلے باز کو ایک ایک گھنٹہ میچ کے ماحول کو پیش نظر رکھے ہوئے پریکٹس کروائی جا رہی ہے ۔پوری کوشش ہوگی کہ چند دنوں میں خود کو ٹیسٹ سیریز کے لئے تیار کریں ۔ قبل ازوقت انگلینڈ میں جاکر ہمشائر میں کیمپ لگانے کا مقصد بھی یہ ہی ہے کہ اپنے ملک سے قطعی مختلف کنڈیشنز میں کھیلتے ہوئے پریشانی نہ ہو ۔ دعا ہے کہ محمد حفیظ سمیت قومی ٹیم کے کوئی فٹنس مسائل نہ ہوں ۔ہمارا بیٹنگ آرڈر کافی عرصہ سے مستقل ہے ،اسی پلان کے مطابق آئندہ سیریز بھی کھیلیں گے تاہم اگر خدا نخواستہ کوئی مسئلہ ہوا تو میں بطور اوپنر بھی کھیلنے کے لئے تیار ہوں ۔انہوں نے کہاکہ انگلش وکٹوں پر تیز کرکٹ کھیلی جاتی ہے ۔مصباح الحق بھی ایک جارحانہ کپتان ہیں ۔وہ تو یو اے ای کے میدانوں میں سست وکٹوں پر بھی جارحانہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے حریفوں کے خلاف فتوحات حاصل کرتے رہے ہیں ۔انگلینڈ میں کپتان اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے جو بھی پلان بنائیں گے ،اس پر عمل در آمد کریں گے۔ مصباح الحق ہماری دعا ہے کہ وہ کھیلتے رہیں ۔کاکول میں ان کی فٹنس بہترین تھی۔ابھی مزید کافی عرصہ ملک کی خدمت کرسکتے ہیں ۔ہماری ہر جیت ان کے نام ہوتی ہے ۔اس بار بھی فتح کا تحفہ دینے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ون ڈے کرکٹ میں ٹیم کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی۔ رینکنگ میں بہتری لانے کا عزم رکھتے ہیں۔ ہم میچ کے اہم لمحات میں بازی ہار جاتے رہے ہیں۔کوشش کریں گے کہ اس خامی پر قابو پاتے ہوئے انگلینڈ میں فتوحات حاصل کریں۔