ایل این جی پاور پلانٹس چلانے کے بعد انکی نجکاری کر دی جائیگی:وفاقی وزیر منصوبہ بندی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ایل این جی پاور پلانٹس کی نجکاری کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی پر لگنے والے پاور پلانٹس پرکشش ہیں۔ ان کے چلانے کے بعد نجکاری کر دی جائے گی۔ وزیر منصوبہ بندی نے گزشتہ دو سال میں شریف فیملی کی طرف سے مظفر گڑھ میں کوئی شوگر ملز لگانے کے بارے میں لاعلمی ظاہر کی۔ ان سے اس سلسلے میں سوال کیا گیا تھا۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا گزشتہ دو سال میں جنوبی پنجاب میں کوئی ملز لگی ہو تو بتائیں۔ صحافی نے سوال کیا تھا کہ جنوبی پنجاب میں کپاس کی پیداوار میں شوگر ملیں لگنے کے باعث کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2 سال میں کوئی مل نہیں لگی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ ترقیاتی پروگرام میں 125 ارب روپے سی پیک کے منصوبوں کے لئے رکھے ہیں۔ چاہ بہار بندرگاہ پاکستان کے کسی منصوبے کے لئے خطرہ نہیں ہے۔ دوسرے ممالک کے منصوبے بھی ترقی لائیں گے۔ پی ایس ڈی پی پر کوئی کٹ نہیں لگایا گیا۔ اسلام آباد میں 24 سکولوں کو سمارٹ سکول بنایا جائے گا۔ پی ایس ڈی پی میں مالی وسائل جاری منصوبوں کی تکمیل کے لئے مختص کئے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں ہماری ترجیح تھی کہ سی پیک کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ مغربی روٹ کو پہلے مکمل کیا جائے۔ مغربی روٹ میں سب سے بڑی رکاوٹ گوادر‘ سراب کوئٹہ سڑک کا 650 کلو میٹر طویل حصہ تھا جو مکمل نہیں تھا۔ اس پر کام شروع ہے اور دسمبر تک گوادر کا کوئٹہ سے رابطہ ہو جائے گا۔ گوادر کی بندرگاہ پر جب بھی جہاز لنگرانداز ہو گا تو اس کا مال افغانستان جا سکے گا۔ دوسرا لنک گوادر خضدار رتو ڈیرو سڑک کا تھا۔ یہ لنک بھی دسمبر 2016 ء تک مکمل ہو جائے گا۔ ڈیرہ اسماعیل خان تا برہان شاہراہ کو جون 2018 ء تک مکمل کیا جائے گا۔ گوادر ائرپورٹ اور ایکسپریس وے کے منصوبوں کے لئے چین کی طرف سے فنانسنگ کی منظوری کا انتظار ہے۔ دو سے تین ماہ میں ان پر بھی کام شروع ہو جائے گا۔
احسن اقبال