آرمی چیف دینی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ گرمجوشی سے ملے‘ فضل الرحمن گلے ملے‘ ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی
اسلام آباد (صباح نیوز + آن لائن) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف دینی جماعتوں کے قائدین سے انتہائی گرم جوشی سے ملے‘ قائدین کو گلے لگا لیا۔ یہ ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی کے لائونج میں ہوئی۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین، چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی، سپیکر سردار ایاز صادق ، اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے۔ جنرل راحیل شریف امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے انتہائی گرم جوشی سے ملے۔ سراج الحق اور جنرل راحیل شریف کچھ دیر ساتھ ساتھ کھڑے رہے۔ آن لائن کے مطابق جنرل راحیل شریف اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن ایک دوسرے کے گلے ملے اور خیریت دریافت کی۔ جنرل راحیل شریف نے صدر ممنون سے ملاقات کی بعدازاں ارکان اسمبلی سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ مولانا فضل الرحمن آرمی چیف سے گلے ملے پھر مصافحہ کیا۔