• news

این اے110: ایک لاکھ سے زائد ووٹوں پر انگوٹھوں کے نشان واضح نہیں: نادرا رپورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ میں این اے 110 سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے خلاف انتخابی عذر داری کیس کی سماعت کے بعد نادرا کی جانب سے ووٹوں کی تصدیق سے متعلق رپورٹ جمع کرا دی گئی ہے جس کے مطابق حلقہ میں ڈالے گئے ایک لاکھ 2 ہزار 950 ووٹوں کے انگوٹھوں کے نشانات واضح نہ ہونے پر ان کی تصدیق نہ ہو سکی ہے۔ 34775 انگوٹھوں کے نشانات مختلف وجوہات کی بنا پر میچ نہیں ہو سکے ہیں جبکہ 1775 ووٹس کے شناختی کارڈ نمبرز نادرا کے ریکارڈ کے مطابق نہیں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 80 ہزار 7 سو 69 ووٹس ہر لحاظ سے درست پائے گئے ہیں جبکہ کچھ ووٹس ایسے بھی ہیں جو ووٹرز نے خود کاسٹ نہیں کیے۔ نادرا نے رپورٹ کے ساتھ ووٹوں کی فہرست اور کائونٹر کا عکس بھی منسلک کیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی وکٹ بھی گرنے والی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 110کے ووٹوں کے بارے میں نادرا کی رپورٹ حیران کن ہے۔ یہ رپورٹ این اے 154اور این اے 122سے ملتی ہے۔ ہارنے اور جیتنے والے امیدوار میں 20ہزار ووٹوں کا فرق ہے ۔عمران خان نے مزید کہا کہ 35ہزار سے زائد ووٹوں کی تصدیق نہ ہو سکی ہے ان ووٹوں کا ریکارڈ ہی غائب ہے۔ ایک لاکھ سے زائد ووٹوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

ای پیپر-دی نیشن