O…صدر نے کئی شعر پڑھے.O… عمران، سراج الحق، فاروق ستار وزرائے اعلیٰ، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر خطاب سننے نہیں آئے
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے بدھ کے روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کئی شعر بھی پڑھے۔ صدر نے جب جمہوریت کے کامیابی سے جاری سفر کا حوالہ دیا تو انہوں نے فارسی کا یہ شعر پڑھا
تیز ترک گامزن منزل ما دور نیست
صدر نے پاکستان میں راہداری منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے شاعر مشرق علامہ اقبال کا یہ شعر پڑھا
اٹھ کہ اب بزم جہاں کا اور ہی انداز ہے
مشرق و مغرب میں تیرے ہی دور کا آغاز ہے
صدرنے قومی اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے علامہ اقبال کا یہ شعر پڑھا
فرد قائم ربط ملت سے ہے، تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پارلیمنٹ سے صدر کے خطاب کے دوران پارلیمنٹ میں موجود ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار اور جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر سراج الحق صدر کے خطاب کے دروان اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک علاج کے سبب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نہیں آ سکے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ وزیراعظم مشترکہ اجلاس میں موجود نہیں ہیں۔ پارلیمنٹ سے صدر کے خطاب کے موقع پر ہونے والے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس 10 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، آرمی چیف سمیت مسلح افواج کے سربراہان جوں ہی سپیکر گیلری میں پہنچے سپیکر ایاز صادق اور چیئرمین سینٹ رضا ربانی بھی اجلاس کی مشترکہ صدارت کیلئے ڈائس پر پہنچ گئے، سپیکر نے 10:10منٹ پر صدر مملکت کی آمد اور قومی ترانہ بجانے کا اعلان کیا، قومی ترانے کے احترام میں صدر، آرمی چیف سمیت ارکان پارلیمنٹ، سپیکر، چیئرمین سینٹ اور گیلریوں میں موجود افراد اپنی نشستوں پر کھڑے رہے۔ تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول کے بعد 10:17 منٹ پر صدر مملکت نے اپنے خطاب کا آغاز کیا۔ صدر کے خطاب کے موقع پر قائد ایوان سینٹ راجہ ظفر الحق، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، وزیر قانون آفتاب شیخ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر دفاع رانا تنویر اجلاس کے آغاز سے قبل ایوان میں پہنچے، تاہم وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن قومی ترانے کے بعد دوران تلاوت اجلاس میں پہنچے۔ آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور وزرائے اعلی صدر کا خطاب سننے کیلئے نہیں آئے۔ گورنر سندھ بھی موجود نہیں تھے۔ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف وزیراعظم محمد نواز شریف کی علالت کے باعث لندن میں موجودگی کی وجہ سے اجلاس میں نہ آ سکے۔ اسی طرح وزیراعلی خیبر پی کے پرویز خٹک ، وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری بھی نہیں آئے۔ صدر کا خطاب سننے کے لئے مہمانوں کی گیلریاں کھچا کھچ بھری تھیں غیر ملکی سفارتکاروں نے خطاب انہماک سے سنا۔