• news

ایاز صادق اور رضا ربانی کی ملاقات‘ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل پر غلط فہمیاں دور ہو گئیں

اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے سرگرم عمل ہو گئے ہیں پیر کو ان کی موجودگی میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے چیمبر میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی اور سپیکر قومی اسمبلی کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کے درمیان ٹی او آر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے باعث کچھ غلط فہمیاں پیدا ہو گئی تھیں جو باہم مل بیٹھنے سے دور ہو گئی ہیں سردار ایاز صادق نے میاں رضا ربانی کو لابی تک جا کر الوداع کیا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے کسٹوڈین نے پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کرنے اور جمہوری نظام کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے پارلیمنٹ میں سپیکر کے چیمبر میں خاصا وقت گزارا انہوں نے سپیکرقومی اسمبلی سے الگ بھی ملاقات کی ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی ملک میں عدم موجودگی میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان بجٹ کی منظوری کے لئے قومی اسمبلی کو اتنا زیادہ وقت دیں گے۔ انہوں نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں بعض لوگ خبر بنانے کے لئے بے پر کی اڑاتے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن