• news

بجٹ کل آئیگا، ضرب عضب ختم ہونے تک مردم شماری نہیں ہو سکتی: اسحاق ڈار

اسلام آباد(آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مردم شماری کیلئے حکومت تیار ہے مگر فوج تیار نہیں، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق کمیٹی فیصلہ کرے گی، پہلی دفعہ ایسا ہورہا ہے کہ محصولات کے ہدف پر نظر ثانی نہیں کر رہے، برآمدات کا ہدف بڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، ٹیکس کم کرنے کے حوالے سے 15اگست تک پالیسی بنائیں گے، بجٹ کل ہی ایوان میں پیش کیا جائیگا۔ اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم اور کامسٹیک مل کر اسلامی دنیا میں ٹیکنالوجی کا انقلاب لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں،کم ترقی یافتہ ممالک کے 100طلبہ کو پاکستان کی حکومت وظیفے کے تحت تعلیم کی سہولت فراہم کرے گی۔ این این آئی کے مطابق مردم شماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ مردم شماری کے لیے فوج کی شمولیت ضروری ہے اس لیے آپریشن ضرب عضب کے ختم ہونے تک یہ نہیں ہو سکتی۔ آئندہ مالی سال زرعی اور صنعتی شعبوں کی ترقی پر توجہ مرکوز ہو گی بجٹ میں زراعت، ٹیکسٹائل اور صنعتوں کو ریلیف دیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ معاشی شعبے میں ٹیکنالوجی کا کردار بڑھ گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں یوریا کھاد کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق یوریا کھاد کی قیمتوں میں کمی پر غور کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں قیمتوں میں کمی کی وجہ سے زرعی شعبہ متاثر ہوا۔ درآمدی یوریا کی قیمتوں میں کمی کے مطابق مقامی یوریا کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے۔ حکومت کسانوں کو یوریا کھاد کی قیمتوں میں ریلیف دینے پر غور کر رہی ہے کھاد تیار کرنے والے ادارے بھی اس سلسلے میں اپنا حصہ ڈالیں۔

ای پیپر-دی نیشن