• news

چیمپئنز ٹرافی 2017ء کو کھلاڑی ‘مداح پسند کرینگے :ڈیوڈ رچرڈ سن

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چمپینز ٹرافی 2017 کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ پاکستان اور بھارت اپنے ابتدائی میچ میں 4 جون کو مدمقابل ہوں گے۔ تین ناک آؤٹ سمیت مجموعی طور پر 15 میچ کھیلے جائیں گے۔یکم جون سے 18 جون 2017 تک جاری چمپینز ٹرافی میں آٹھ بڑی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔بھارت اور پاکستان گروپ بی میں شامل ہیں، گروپ میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا بھی شامل ہیں۔گروپ اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، میزبان انگلینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا تھا کہ آئی سی سی چمپینز ٹرافی مختصر اور تیز ایونٹ ہے جس کو کھلاڑی اور مداح سب پسند کریں گے۔چمپینز ٹرافی 2017 نہ صرف ون ڈے مقابلہ ہے بلکہ یہ عظیم روایات کے مطابق ورلڈ کپ 2019 کے کوالیفائر سے محض چند مہینے قبل کھیلا جارہا ہے جس کا ہر لمحہ اہم ہوگا۔اس کا مقصد یہ ہے کہ تمام ٹیموں کو ایونٹ کی تیاریوں کے لیے کافی وقت دیا جائے تاکہ بھرپور تیاری کے ساتھ ٹیمیں انگلینڈ پہنچیں۔ پہلا میچ یکم جون کو انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا، 2 جون کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہوں گی۔گروہ بی کا پہلا میچ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 جون کو ہوگا جبکہ پاکستان ‘بھارت مقابلہ 4 جون کو ایڈباسٹن میں ہو گا۔پاکستانی ٹیم 7 جون کو جنوبی افریقہ اور 12 جون کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ پہلا سیمی فائنل 14 جون اور دوسرا سیمی فائنل 15 جون کو ہوگا ‘ فائنل 18 جون کوہو گا۔ فائنل کے دوران بارش کی صورت میں اضافی دن بھی رکھا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن